ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد پاکستان واپسی پر گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما سلیم شہزاد کو طویل عرصے کے بعد پاکستان واپسی پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سلیم شہزاد طویل عرصے تک ملک سے باہر رہنے کے بعد پیر کو جب کراچی کے ہوائی اڈے پر پہنچے تو پولیس نے انھیں حراست میں لے لیا۔
کراچی پولیس کے ترجمان قمر زیب ستی کے مطابق سلیم شہزاد کو ڈاکٹر عاصم کے مقدمے میں باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے ہسپتال میں شدت پسندوں کا علاج کروانے کے مقدمے میں سلیم شہزاد کی گرفتاری کا حکم جاری کیا ہوا تھا۔
خصوصی عدالت نے گذشتہ برس جنوری میں سلیم شہزاد، میئر کراچی وسیم اختر، انیس قائم خانی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پیٹیل کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔
سلیم شہزاد کی گرفتاری پر ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ سلیم شہزاد نے وطن واپسی سے قبل کوئی مشاورت نہیں کی تھی اور ان کی واپسی اور گرفتاری کے بارے میں جماعت کو میڈیا کے ذریعے پتہ چلا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سلیم شہزاد ایک عرصے سے غیرفعال ہیں اور ان کی ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی کوئی تجویز زیرِغور نہیں تھی۔
سلیم شہزاد نے سنہ 1992 میں کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے آپریشن کے بعد جلاوطنی اختیار کر لی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی








