انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو نے مزید انکشافات کیے ہیں:دفتر خارجہ

،تصویر کا ذریعہISPR
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات سے متعلق مزید انکشافات کیے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ان انکشافات کی روشنی میں متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کی طرف سے کیے گئے انکشافات کے بعد سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں جن میں اُنھیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
فوجی عدالتوں نے انڈین جاسوس کو موت کی سزا سنائی ہے، جس کے خلاف پاکستان کی عدالتوں میں کوئی اپیل دائر نہیں کی گئی اور قانونی ماہرین کے مطابق اگر مقررہ مدت تک ماتحت عدالتوں کے فیصلوں کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج نہ کیا جائے تو پھر ماتحت عدالت کا فیصلہ حتمی تصور کیا جاتا ہے۔
ایک شہری نے سپریم کورٹ میں انڈین جاسوس کو فوجی عدالت کی طرف سے موت کی سزا پر عمل درآمد کرنے سے متعلق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے، جبکہ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کی پھانسی پر عمل درآمد اس وقت تک موخر کردیا ہے جب تک بھارت کی طرف سے اس سزا کے خلاف دی گئی درخواست پر فیصلہ نہیں سنایا جاتا۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق دوسری جانب عالمی عدالتِ انصاف میں پاکستان کا موقف بہتر انداز میں پیش کرنے سے متعلق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف اور عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وکیل خاور قریشی کے درمیان سپریم کورٹ میں ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے خاور قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو اس بات پر اطمینان ہونا چاہیے کہ نہ تو عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کو رہا کیا ہے اور نہ ہی یہ معاملہ اس کے اختیار میں ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ انڈین جاسوس کہیں نہیں جا رہا۔








