انڈیا کا پاکستان کو توڑنے کا دیوانہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا: چوہدری نثار

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ انڈیا خود تقسیم کا شکار ہے اور اسے کسی دوسرے ملک نے نہیں بلکہ خود اس کی اپنی پالیسیوں نے تقسیم کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ یہ بات انڈین وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی جانب سے گذشتہ روز دیے گئے بیان کے جواب میں کہی۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو توڑنے کا دیوانہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
راج ناتھ سنگھ نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اگر سرحدی دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو جلد ہی پاکستان دس ٹکڑوں میں بٹ جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہوتے ہوئے کسی اور کو انڈیا کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان انڈیا کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم نہیں کر رہا بلکہ انڈیا خود بی جے پی کی پالیسیوں کے باعث تقسیم ہو رہا ہے۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ ’انڈیا میں کیسے وہ جماعت اور حکومت پاکستان پر الزام لگا سکتی ہے جن کی اپنی بنیادیں مذہبی انتہا پسندی، تقسیم کرنے کی پالیسی، نفرت اور تشدد پر مبنی ہوں۔‘
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ انڈیا میں اقلیتوں کے لیے زندگی بہت مشکل ہو گئی ہے اور نریندر مودی کی حکومت میں اقلیتیں کئی خطرات اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ انڈیا کی حکومت نے پورے ملک میں نفرت کی ایک دیوار کھڑی کردی ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ کلبھوشن یادیو اور دیگر بھارتی ایجنٹس کی پاکستان میں گرفتاریاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ انڈیا پاکستان کے معاملات میں مداخلت کررہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
واضح رہے کہ انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ '1971 میں پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہوا تھا اور اگر پاکستان سرحد پار دہشت گردی سے باز نہ آیا تو عنقریب یہ دس ٹکڑوں میں بٹ جائے گا'۔
پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کو یہ سمجھ نہیں آتی کہ دہشت گردی بہادروں کا نہیں بلکہ بزدلوں کا ہتھیار ہے'۔
یاد رہے کہ 8 جولائی کو انڈین سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں۔









