پاکستان میں شدت پسندوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز کیے جائیں: آرمی چیف

،تصویر کا ذریعہISPR
پاکستان کی بّری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی ناقابل قبول ہے اور شدت پسندوں کے خلاف مخصوص اور بلاامتیاز آپریشنز کیے جائیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے یہ بات منگل کو کوئٹہ میں کہی۔
آرمی چیف نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف مخصوص اور بلاامتیاز آپریشنز میں انٹیلیجنس ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مدد کریں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ کا دورہ کیا، جہاں انھیں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال، کمانڈ کی جانب سے آپریشنل تیاریوں اور قیام امن کے لیے صوبہ بلوچستان میں جاری آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی، فرنٹیئر کور، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس اداروں کو صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے نمایاں اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انھوں نے صوبے میں قیام امن کے لیے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں کو سراہا اور ان کی ہر ممکن مدد پر زور دیا۔
سکیورٹی اور ترقیاتی کاموں کے لیے سول حکومت اور فوج کی مربوط حکمت عملی کے حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے فوج صوبائی حکومت کو تمام ضروری سہولیات، لیویز کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد اور تمام دور دراز علاقوں میں جاری منصوبوں کے لیے سکیورٹی فراہم کرے گی۔
انھوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کو صوبے میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی تعمیر کی ہدایات بھی دیں۔








