بولان: فورسز کا تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے بولان میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی بولان کے علاقے مشکاف میں کی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔
ایف سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد ٹرینوں پر حملے اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے تھا۔
آزاد ذرائع سے ان افراد کی کسی عسکریت پسند تنظیم سے تعلق اور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
ادھرکوئٹہ سے متصل ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل ہلاک ہو گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مستونگ انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل ڈیوٹی کے بعد گھر جارہے تھے کہ کنڈاؤ کے علاقے میں ان پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔
انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق حملے میں ہیڈ کانسٹیبل ہلاک ہوا۔
مستونگ میں پولیس اہلکار کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری کالعدم لشکر جھنگوی العالمی نے قبول کی ہے۔








