’بلوچستان میں غیرت کے نام پر پانچ افراد قتل‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کے دو واقعات میں دو خواتین سمیت پانچ افراد کو ہلاک کیا گیا۔
تین افراد کی ہلاکت کا واقعہ کراچی سے متصل حب ٹاؤن میں پیش آیا ۔
حب پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ حب ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد ایک گھر میں داخل ہوئے تو انھوں نے فائر نگ کر کے تین افراد کو ہلاک کیا۔
ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی کے علاوہ ان کا دو سال کا ایک بیٹا شامل تھا تاہم فائرنگ کے اس واقعے میں ان کی ایک سالہ بیٹی بچ گئی۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کی ایک سالہ بچی معجزانہ طور پر بچ گئی یا گھر پر حملہ کرنے والوں نے اس پر گولی نہیں چلائی۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے مرد اور خاتون کا تعلق ضلع قلات سے تھا اور انھوں نے چند سال قبل سند کی شادی کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دونوں افراد کا تعلق قلات سے تھا اور انھوں اپنا علاقہ چھوڑ کر حب میں رہائش اخیتار کی تھی۔
دوسرا واقعہ لسبیلہ تحصیل کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس اہلکار کے مطابق اس علاقے میں ایک گھر میں ایک مرد اور خاتون کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک کیے جانے والے مرد اور خاتون کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر ہلاک کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان دونوں افراد کا تعلق بلوچستان کے علاقے سبی سے تھا اور دونوں نے دو ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔







