’وہ قاتل بھائی سمیت سب کی کفالت کرتی تھی‘

،تصویر کا ذریعہqandeelbaloch
قندیل بلوچ کے والد نے اپنی بیٹی کے قتل کے بعد ان کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ اپنے قاتل بھائی سمیت پورے گھرانے کی کفالت کیا کرتی تھیں۔‘
قندیل بلوچ کے والد محمد عظیم نے مقامی میڈیا کو بتایا: ’وہ میرے اس بیٹے سمیت سب کی کفالت کرتی تھی جس نے اسے قتل کیا۔‘
قندیل بلوچ کے بھائی نے خاندان کی عزت اچھالنے کے الزام میں انھیں غیرت کے نام پر نشہ آور دوا دینے کے بعد قتل کر دیا تھا۔
قندیل بلوچ سوشل میڈیا پر مقبول متنازع شخصیت تھیں۔
26 سالہ قندیل کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا اور انھیں سوشل میڈیا پر بےباک بیانات، تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرنے سے شہرت ملی۔ حال ہی میں ان کی مفتی عبدالقوی کے ساتھ تصاویر نے ہلچل مچائی تھی۔
ان کی موت نے پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے بحث چھیڑ دی کہ ’عورت کا کون سا رویہ قابلِ برادشت ہے؟‘

،تصویر کا ذریعہAFP
ماڈل اور اداکارہ قندیل بلوچ کو ملتان میں ان کے والدین کے گھر میں قتل کیا گیا۔ ان کے 25 سالہ بھائی وسیم کو گرفتار کیا گیا اور انھوں نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ قتل سوشل میڈیا پر قندیل کی تصاویر پوسٹ کیے جانے کی وجہ سے کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قندیل بلوچ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹوں میں خود کو حقوق نسواں کی علم بردار کہا تھا۔
14 جولائی کو انھوں نے فیس بک پر لکھا: ’میں ایک ماڈرن حقوق نسواں کی حامی ہوں۔ مجھے یہ انتخاب کرنے کی ضرورت نہیں کہ عورت کو کس طرح کا ہونا چاہییے۔ اور میرا نہیں خیال کہ ہمیں معاشرے کے لیے خود پر کوئی لیبل لگانے کی ضرورت ہے۔ میں آزاد سوچ اور آزاد ذہن والی ایک عورت ہوں اور مجھے ایسا ہی رہنا پسند ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے پہلے تین جولائی کو قندیل نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا: ’مجھ سے محبت کرو یا نفرت، دونوں ہی میرے حق میں جاتے ہیں۔ اگر آپ مجھ سے محبت کریں گے تو میں آپ کے دلوں میں ہمیشہ رہوں گی اور اگر نفرت کریں گے ہمیشہ آپ کے ذہنوں میں رہوں گی۔‘
قندیل کے والدین نے ان کی قتل کی رپورٹ میں اپنے دو بیٹوں کو نامزد کیا ہے۔
ان کے بقول ان کے بیٹے قندیل کی کامیابیوں پر ناخوش تھے اور اس کے خلاف ہو گئے تھے حالانکہ وہ ان کی بھی کفالت کرتی تھی۔
ان کے علاقے کے لوگوں نے بھی اس قتل کی مذمت کی ہے۔







