بلوچستان ٹریننگ کالج میں ہلاک ہونے پولیس اہلکاروں کی یاد میں شمعیں روشن

وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری
،تصویر کا کیپشنتقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری، سینئیر صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، پاکستانی فوج کے جنوبی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر حکام نے شرکت کی
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں واقع پولیس ٹریننگ کالج پر شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے پولیس کے 60 اہلکاروں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

پولیس اہلکاروں کو یاد کرنے کے لیے شمعیں روشن کرنے کی تقریب مشن چوک پر منعقد کی گئی۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری، سینئیر صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، پاکستانی فوج کے جنوبی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ ہمارے دشمن ہمیں شام اور عراق بنا نا چاہتے تھے لیکن ہم نے ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔

بلوچستان
،تصویر کا کیپشنپولیس اہلکاروں کو یاد کرنے کے لیے شمعیں روشن کرنے کی تقریب مشن چوک پر منعقد کی گئی

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ جس نے بھی یہ کام کیا ہے ہم ان ذمہ داروں تک ضرور پہنچیں گے۔

انھوں نے کہا 'ہمارے دشمنوں نے پاکستان کے خلاف جنگ کا اعلان کیا ہے۔ دہلی میں جو تقریریں کی گئیں اور بلوچستان کے بارے میں جو باتیں کی گئیں اس کے بعد اس حوالے سے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔'

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر کا کہنا تھا ’میں کھل کر بات کرتا ہوں کہ ہمارے کچھ لوگ دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں ۔ بہت سارے بہکے ہوئے ہیں اور بہت سارے بکے ہوئے ہیں۔‘