کل سے احتساب شروع، اب عدالت نواز شریف سے حساب لے گی: عمران خان

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ذیشان ظفر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پارٹی کے یومِ تشکر کے جلسے میں خطاب میں ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ’اب عدالت نواز شریف سے حساب لے گی۔'
سپریم کورٹ کی طرف سے پاناما لیکس پر تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف نے بدھ کو یوم تشکر منایا اور اس سلسلے میں اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں ایک بڑے جلسہ منعقد کیا۔
جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ’سپریم کورٹ میں کیس چلنے پر نواز شریف کو استعفیٰ دینا چاہیے، جب رانا مشہود کا کرپشن میں نام آیا تو انہوں نے استعفیٰ دیا، پرویز رشید کو انکوائری کی وجہ سے مستعفی کرایا گیا، اب نواز شریف کا کیس عدالت میں ہے اس لیے وہ بھی استعفیٰ دیں۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کل سے وزیراعظم نواز شریف کا احتساب شروع ہو رہا ہے اور 'اب عدالت ان سے سے حساب لے گی۔'
عمران خان نے کہا ہے کہ ’نواز شریف اور شہباز شریف اپنی کرپشن اور چوری کو چھپانے کے لیے صوبوں کو لڑوا رہے تھے۔‘
عمران خان نے کہا 'پرویز خٹک آج آپ پاکستان کے ہیرو بن چکے ہیں، میں آپ کو پاکستان کی عوام کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے پر جس طرح کی شیلنگ کی گئی اس سے ایسا لگ رہا تھا جیسے اس میں شامل لوگ پاکستانی نہیں بلکہ دشمن ہیں۔'
عمران خان کا کہنا تھا 'میں اس دن کا انتظار کر رہا ہوں جب نواز اور شہباز شریف دونوں جیل میں ہوں گے۔'
جلسہ گاہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں راولپنڈی، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا سے آنے والے افراد زیادہ تعداد میں تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی اپنے صوبے سے ایک بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچنے ۔ دو دن قبل پنجاب پولیس نے موٹرووے اور دیگر سڑکوں کو بلاک کر کے ان کے قافلے کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔
جلسے کے شروع میں خیبر پختونخوا سے آنے والے رہنماؤں کو خطاب کرنے کا موقع دیا گیا جن میں انھوں نے گزشتہ روز پنجاب پولیس سے اپنی معرکہ آرائی کی تفصیلات سے جلسہ کے شرکاء کو آگاہ کیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے علاوہ پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی سٹیج پر موجود تھے۔
پریڈ گراؤنڈ میں موجود پی ٹی آئی سپورٹرز کی تعداد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ لوگوں کی تعداد اتنی تو نہیں جس کا عمران خان کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا تاہم روایتی طور پر ماضی میں پی ٹی آئی کے جلسوں میں جس طرح سے لوگ شرکت کرتے آئے ہیں یہ جسلہ بھی اس سے مختلف نہیں تھا۔
اس مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خواتین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے اور ان کے لیے بیٹھنے کی الگ جگہ بنائی گئی اور ان کے لیے راستہ بھی الگ رکھا گیا۔
جلسے میں موجود کارکنوں میں جوش وخروش تو پایا جاتا تھا تاہم ان میں سے بعض عمران خان کی جانب سے دھرنے کی کال واپس لیے جانے پر مایوس تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
منگل کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ کمیشن 'وزیراعظم کی کرپشن کا احتساب کرے گا۔'









