برطانوی اِنگلش -- امریکی اِنگلش | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دو صدیاں قبل کچھ امریکی ماہرینِ لسانیات نے پیش گوئی کی تھی کہ آئندہ برسوں میں برطانیہ کی زبان اور امریکہ کی زبان میں اتنا فرق پیدا ہو جائے گا کہ دونوں قومیں ایک دوسرے کی بات نہیں سمجھ سکیں گی۔ شاید یہ ایک انتہا پسند سوچ تھی کیونکہ دونوں ملکوں میں آج بھی ایک ہی زبان استعمال ہو رہی ہے، یعنی انگریزی۔ البتہ یہ ماننا پڑے گا کہ جس برطانوی زبان کو ساری دنیا میں معیاری انگریزی سجھاجاتا تھا اور جسکے محاورے، روزمرے، ہجّے اور تلفظ کی تقلید پہ فخر محسوس کیا جاتا تھا، اب اُس زبان کی وہ مرکزی اہمیت ختم ہو گئی ہے اور اسکے مقابلے میں امریکی محاورے اور روزمرے کا چلن بڑھ رہا ہے۔ اسکی وجوہات بڑی واضح ہیں: مادری زبان کے طور پر انگریزی بولنے والی کُل عالمی آبادی کا 70 فیصد امریکہ میں آباد ہے جبکہ صرف 17 فیصد برطانیہ میں ہے۔ برطانیہ کے مقابلے میں امریکہ ایک وسیع معیشت ہے اور عالمی سطح پر اسکا کاروبار بھی اسی تناسب سے پھیلا ہوا ہے۔ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے ادارے اور تحقیقی سہولتیں برطانیہ سے بہت زیادہ ہیں۔ امریکہ میں طباعت و اشاعت کا کام بہت وسیع پیمانے پہ ہوتا ہے۔ امریکہ اس وقت عالمی میڈیا کا مرکز ہے اور نشریاتی ٹیکنالوجی میں بھی پیش پیش ہے۔ امریکی پاپولر کلچر ساری دُنیا میں پھیل چُکا ہے چنانچہ امریکی فلموں، ٹی وی پروگراموں ہفتہ وار رسالوں، بچوں اور بڑوں کی کتابوں نیز میکڈونلڈ، کے ایف سی اور پِیزا ہٹ کے ذریعے امریکہ دُنیا بھر کے ثقافتی منظر پر چھایا ہوا ہے۔ امریکہ کا بین الاقوامی سیاسی اور اقتصادی اثر و رسوخ بھی وہاں کی زبان کے فروغ میں ممد و معاون ثابت ہو رہا ہے۔ اور آئیے اب برطانوی اور امریکی انگریزی میں گرامر کے فرق پر غور کرتے ہیں Use of present perfect برطانوی انگریزی میں فعل کی یہ صورت تب استعمال کی جاتی ہے جب کوئی کام ماضی میں شروع ہوا ہو لیکن اس کا اثر لمحہء موجود تک جاری ہو مثلاً : I have lost my book, can you help me look for it یعنی میری کتاب گُم ہو گئی ہے، کیا آپ اسکی تلاش میں میری مدد کر سکتے ہیں۔ امریکی انگریزی میں یوں بھی کہا جاسکتا ہے: I lost my book, can you help me look for it یاد رہے کہ برطانوی انگریزی میں یہ جملہ غلط ہے جبکہ امریکی انگریزی میں دونوں صورتیں درست تسلیم ہوں گی۔ اگر ابھی ابھی کوئی کام مکمل ہوا ہے تو انگریزی میں عموماً تین الفاظ سے یہ بات ظاہر کی جاتی ہے یعنی: already, just and yet لیکن اِن تینوں لفظوں کا استعمال برطانیہ اور امریکہ میں ذرا مختلف طرح سے ہوتا ہے۔ برطانیہ میں ہم کہتے ہیں: I have just had dinner امریکہ میں انھی باتوں کو یوں کہتے ہیں: I just had dinner I have already seen that film Have you finished your homework yet ------------ ملکیت کے بارے میں بھی برطانوی اور امریکی زبان کا فرق مدّ نظر رہنا چاہیئے، آپ کے پاس کچھ ہے یا نہیں، اس بات کو ظاہر کرنے کے لیے دو الفاظ عام ہیں: Have OR have got مثلاً یہ جملے دیکھئے: Do you have a car She hasn’t got any friends She has a beautiful house دونوں طرح کے جملے درست انگریزی میں ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ دونوں ملکوں میں یہ دونوں طریقے استعمال ہوتے ہیں لیکن برطانیہ میں Have got والی ساخت پسند کی جاتی ہے۔ مثلاً برطانیہ والے اس جملے کو ترجیح دیں گے: Have you got a pen لیکن امریکہ والے یوں کہنا زیادہ پسند کریں گے: Do you have a pen یہاں اس بات کو بھی نوٹ کرنا چاہیئےکہ برطانوی انگریزی میں اس فعل کی تین شکلیں یوں ہیں: get – got – got جبکہ امریکی انگریزی میں اس طرح ہیں: get – got – gotten مثلاً اگر کوئی شخص تیراکی کے فن میں بہتر کارکردگی دکھانے لگے تو ہم کہیں گے: He has got better at swimming لیکن امریکہ میں اس طرح کہیں گے: He has gotten better at swimming آئندہ نشست میں ہم برطانوی اور امریکی انگریزی کے کچھ اور اختلافی پہلؤں پر روشنی ڈالیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||