BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 20 August, 2005, 14:17 GMT 19:17 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
انگریزی ڈِ کشنری کا استعمال

News image
ڈِ کشنری میں آپکو لفظ کے صحیح ہجّے مل جائیں گے۔
کسی اُستاد یا رہنما کی موجودگی میں طالبِعلم عموماً ڈِ کشنری کے استعمال سے گریز کرتے ہیں اور جس لفظ کا مطلب معلوم نہ ہو اپنے استاد سے زبانی پوچھ لیتے ہیں۔ دیکھا جائے تو یہ محض سُستی اور کاہلی کا مظاہرہ ہے۔ اگر لفظ کا مطلب بتانے والا کوئی شخص میسر بھی ہے تو ڈِ کشنری سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے۔ اس کی بہت سے وجوہات ہیں مثلاً:

ڈِ کشنری میں آپکو لفظ کے صحیح ہجّے مل جائیں گے۔

اگر لفظ کسی اور مفہوم میں بھی استعمال ہوتا ہے تو ڈِ کشنری میں اسکا ذکر موجود ہوگا۔

اگر کوئی لمبا اور پیچیدہ لفظ ہے تو ڈِ کشنری میں اسکے اجزاء الگ الگ کر کے اس کا درست تلفّظ بھی دیا ہو گا اور اگر وہ لفظ اسم اور فعل دونوں طرح استعمال ہوتا ہے تو دونوں کا الگ الگ تلفّظ درج ہوگا۔

ایک ہی لفظ علوم و فنون کے مختلف شعبوں میں مختلف معانی میں استعمال ہو سکتا ہے۔ ڈِ کشنری میں اس کی وضاحت موجود ہوتی ہے۔

گرامر کے لحاظ سے لفظ جس زمرے میں آتا ہے اس کی تفصیل بھی ڈِ کشنری میں درج ہوتی ہے۔

تعداد اور جِنس کے لحاظ سے اگر لفظ میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے یعنی اگر واحد جمع اور مذکر مؤنث میں ساخت کا بنیادی فرق ہے تو ہر اچھی ڈکشنری میں اسکا ذکر بھی کیا جاتا ہے۔

ہم معنی الفاظ کے ساتھ ساتھ متضاد مفہوم کے الفاظ بھی اچھی ڈِ کشنریوں میں درج ہوتے ہیں۔

ہر اچھی ڈِ کشنری آپکو لفظ کے ہجّے اور تلفظ بتانے کے ساتھ ساتھ اسکے مادّے اور ماخذ تک بھی لے جاتی ہے اور لفظ کی جڑ تک پہنچنے کے بعد آپ اسی خاندان کے کئی دیگر الفاظ سے بھی شناسا ہو جاتے ہیں۔ ( اس نکتے کی مزید وضاحت آگے چل کے ہو گی)

تفصیلی ڈِ کشنری میں الفاظ کا محّلِ استعمال بھی واضح کر دیا جاتا ہے ۔
بعض ڈِ کشنریوں میں الفاظ کے ساتھ ساتھ معروف مقامات اور اہم شخصیات کا ذکر بھی کر دیا جاتا ہے۔

اِن تمام نکات کی عملی مثال کے لئے آئیے ہم انگریزی کی ایک ڈِِ کشنری بِلا ارادہ کھولتے ہیں .... اور جو لفظ ہمارے سامنے آتا ہے وہ ہے:

DATA

اس لفظ کا مطلب اِنگلش ٹو اِنگلش ڈِ کشنری میں یوں درج ہے:

data (dá/ tə) n. orig.pl. of datum. Facts or figures from which conclusions may be drawn

Those who continue to regard data as a Latin plural use it with a plural verb (these data are new)but its use with a singular verb
for example,this data is new, is wide spread

[ L, neut. pl. of datus, pp of dare = to give]

اگر ہم ڈِ کشنری سے استفادہ کرنے کے عادی نہ ہوں تو اس تشریح کے کئی پہلو ہماری سمجھ میں نہیں آ سکیں گے مثلاً لفظ کے فوراً بعد بریکٹ میں اسکا تلفظ دیا گیا ہے۔ تلفظ کو بیان کرنے کے لئے مختلف صوتیاتی نظام موجود ہیں اور ہر ڈِکشنری کی ابتدا میں تلفظ کی کلید موجود ہوتی ہے۔ چنانچہ لغت میں کوئی لفظ تلاش کرنے سے پہلے ہمیں اس کلید کا مطالعہ ضرور کر لینا چاہیئے۔

data کا تلفظ واضح کرنے کے بعد ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ لفظ ایک
’ ناؤن ‘ یعنی اسم ہے اور اصل میں یہ ’ ڈیٹم ‘ کی جمع ہے ۔ اس کے بعد
’ ڈیٹا ‘ کا مفہوم واضح کیا گیا ہے یعنی وہ حقائق یا اعدادوشمار جن کی بنیاد پر ہم نتائج اخذ کرتے ہیں۔

بنیادی مطلب بیان کرنے کے بعد یہ وضاحت بھی کر دی گئی ہے کہ اصلاً یہ جمع کا صیغہ تھا اور لاطینی قواعد کی پیروی کرنے والے بزرگ آج بھی اسے صرف جمع کے صیغے میں استعمال کرتے ہیں۔ تاہم جدید استعمال میں یہ لفظ واحد کے طور پر بھی برتا جاتاہے۔ اینٹری کے آخر میں یہ بتایا گیا ہے کہ لاطینی زبان میں اس لفظ کا ماخذ کیا ہے۔

آئیےاب ایک اور لفظ کی مثال لیتے ہیں اور یہ لفظ ہے Geography

ڈِ کشنری میں اس انٹری کی تفصیل یوں ہے:

geography (jē. og/ rə fē) n. pl. phies.
The science that describes the surface of the earth and the associated physical, biological, economic, political and demographic characteristics (2) The natural aspects features, etc. of a place or area: the geography of Northern Pakistan. Abbr. geog.
L geographia GK
gē = earth + graphein = to write, describe

یہ انٹری بظاہر بڑی پیچیدہ دکھائی دیتی ہے لیکن ذرا سا غور کیجئے تو سارا عُقدہ کھُل جاتا ہے اور ایک مرتبہ لغت خوانی کے چند بنیادی نکات ذہن نشین کر لئے جائیں تو پھر عمر بھر ہر ڈ ِکشنری سے آسانی کے ساتھ استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً اوپر جو مثال دی گئی ہے اس پر غور کیجیئے۔ سب سے پہلے ’جیوگرفی‘ کا انگریزی تلفّظ درج کیا گیا ہے، پھر بتایا گیا ہے کہ یہ ایک اسم ہے اور جمع کے صیغے میں اسکی شکل ہو جائے گی:

geographies

پھر اس لفظ کا مفہوم یوں بیان کیا گیا ہے:
وہ علم جو سطح زمین اور اسکے طبعی، نباتاتی اقتصادی، سیاسی اور آبادیاتی پہلوؤں کو بیان کرتا ہے۔

بعد ازیں اس لفظ کا دوسرا مفہوم بھی درج کیا گیا ہے، یعنی کسی خاص مقام کے طبعی حالات وغیرہ، جیسے شمالی پاکستان کا جغرافیہ۔

آخر میں اس لفظ کا ماخذ بیان کیا گیا ہے کہ انگریزی میں یہ لفظ لاطینی سے آیا ہے جہاں اسکی شکل ’ جیوگرافیا ‘ تھی۔ لیکن خود لاطینی میں یہ لفظ یونانی سے آیا ہے جہاں ’ جیو ‘ کا مطلب ہے ’ زمین ‘ اور گرافین کا مطلب ہے ’ بیان ‘۔ گویا یونانی میں بھی اسکا لفظی مطلب ہے:
زمین کے بارے میں بیان۔
اب سوال یہ ہے کہ لفظ کی جڑیں تلاش کرتے ہوئے اس کے ماخذ تک رسائی حاصل کرنے سے کیا عام قاری کو بھی کوئی فائدہ پہنچ سکتا ہے؟
جی ہاں! لاطینی کے سابقے اور لاحقے ذہن نشین ہو جائیں تو ہمیں دیگر الفاظ کے معانی کا بھی آسانی سے اندازہ ہو جاتا ہے۔ مثلاً ’ جیو ‘ کا مطلب معلوم ہو تو ہم جیوفزیکل اور جیو پولیٹیکل کے بارے میں اندازہ کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ’ گرافی‘ مطلب معلوم ہو تو ہم فوٹو گرافی، آڈیو گرافی یا ’ بایو گرافی‘ کے بارے میں اندازہ کر سکتے ہیں۔

مارکیٹ میں اِس وقت لا تعداد انگریزی ڈِ کشنریاں موجود ہیں لیکن طالبعلموں کے لۓ کونسی ڈِ کشنری بہتر ہے؟ اور جو لوگ انگریزی الفاظ کا مطلب اُردو میں سمجھنا چاہتے ہیں انھیں کونسی ڈِِ کشنری استعمال کرنی چاہیئے؟

اگلی نشست میں ہم اسی موضوع پر بات کریں گے اور یہ بھی دیکھیں گے کہ اِنٹرنیٹ کی سہولت اِس سلسلے میں ہمای کیا مدد کر سکتی ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد