 |  عراقی کے پہلے جمہوری انتخابات تشدد کے سائے میں ہورہے ہیں |
بی بی سی اردو ڈاٹ کام سمیت بی بی سی کی مختلف ویب سائٹوں پر آٹھ زبانوں میں کرائے جانے والے ایک سروے میں بیشتر قارئین نے عراقی انتخابات کی جانب ناامیدی کا اظہار کیا ہے جبکہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ سے تعلق رکھنے والے رائے دہندگان کی اکثریت نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، بی بی سی عربِک ڈاٹ کام اور بی بی سی پرشین ڈاٹ کام سمیت بی بی سی کی آٹھ زبانوں کی ویب سائٹوں پر یہ سروے جنوری میں کرایا گیا۔ اس ای سروے میں حصہ لینے والے چھیاسٹھ فیصد رائے دہندگان کا خیال تھا کہ الیکشن سے عراق میں پرتشدد مزاحمت کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ لیکن مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ممالک سے تعلق رکھنے والے رائے دہندگان میں سے باون فیصد کا خیال تھا کہ انتخابات کے ذریعے تشدد کا خاتمہ ہوسکے گا۔ اس علاقے سے تعلق رکھنے والے اڑتالیس فیصد قارئین نے کہا کہ انتخابات سے تشدد کا خاتمہ ممکن نہیں۔ اس سروے میں حصہ لینے والوں میں سے چوُن فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ عراق کی نئی حکومت تمام عراقی شہریوں کی نمائندہ نہیں ہوگی۔ جبکہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سے تعلق رکھنے والے رائے دہندگان کی اکسٹھ فیصد اکثریت نے کہا کہ اتوار کے انتخابات کے ذریعے آنے والی انتظامیہ ’کچھ حد تک‘ عراقیوں کی نمائندہ حکومت ہوگی۔ آٹھوں زبانوں کے قارئین کی انسٹھ فیصد اکثریت نے کہا ہے کہ تشدد کے خطرے سے ’بہت‘ ووٹر حق رائے دہی سے ڈریں گے جبکہ چھتیس فیصد کا خیال تھا کہ تشدد سے ’کچھ‘ حد تک ووٹر ڈر سکتے ہیں۔ رائےدہندگان کی پچہتر فیصد اکثریت کا خیال تھا کہ عراق میں ہونے والے انتخابات سے پورے علاقے میں جمہوریت کے ابھرنے کا امکان نہیں ہے۔ انسٹھ فیصد نے کہا کہ عراق میں جمہوریت ناکام رہے گی۔ صرف چوبیس فیصد لوگوں نے کہا کہ عراقی انتخابات سے علاقے میں جمہوریت پھیلے گی۔ جبکہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ممالک سے تعلق رکھنے والے رائے دہندگان میں بتیس فیصد کا خیال تھا کہ علاقے میں جمہوریت کو فروغ ملے گا۔ اس سروے میں یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ امریکی افواج کو کب تک عراق میں رہنا چاہئے۔ انتالیس فیصد رائے دہندگان نے کہا کہ امریکی فوج فوری واپس چلی جائے جبکہ چالیس فیصد کا خیال تھا کہ یہ افواج ’جب تک ضروری ہو رہیں‘۔ شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے بی بی سی کے اٹھاون فیصد قارئین نے کہا کہ امریکی افواج کو ایک سال سے زائد یا جب تک ضروری ہو عراق میں رہنا چاہئے۔ بی بی سی کے اس ای سروے میں اس تجزیے تک کل سولہ ہزار پانچ سو بہتر افراد نے حصہ لیا۔ یہ رائے دہندگان بی بی سی کے قارئین ہیں اور اس سروے میں جن خیالات کا اظہار کیا گیا ہے وہ عوامی رائے کی حتمی نمائندگی نہیں کرتے۔
|