 | | | پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی دہشت ميں آئے بغیر اپنا معمول کا کام جاری رکھیں |
ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں ایک کے بعد ایک سات دھماکے ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں میں ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بنگلور پولیس کمشنر شنکر ایم برداری کے مطابق یہ دھماکے معمولی نوعیت کے تھے اور ان کا بنیادی مقصد شہر کے امن و قانون کو تباہ کرنا اور افراتفری پیدا کرنا تھا ۔ یہ دھماکے شہر کے مڈیوالا، آڈو گڈی، ہوسر روڈ، میسور روڈ ، نین دھلی اور کورمنگلہ علاقوں میں ہوئے ہیں۔ اہلکاروں کے مطابق بیشتر دھماکے مصروف علاقے میں ہوئے ہیں جہاں کئی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں کے دفاتر بھی ہیں۔ بنگلور کے دھماکوں کے بعد ممبئی اور دلی جیسے شہروں ميں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔  |  یہ بنگلور کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ہم مجرموں کو جلد ہی گرفتار کر لیں گے  شنکر برداری، پولیس کمیشنر |
پولیس کے مطابق مڈیوالا بس سٹاپ پر ہوئے دھماکے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے اور ان کے شوہر سمیت دیگر ایک شخص زخمی ہوگيا ہے۔زخمیوں کو ہسپتال ميں داخل کروا دیا گیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی دہشت ميں آئے بغیر اپنا معمول کا کام جاری رکھیں۔پولیس کے ماہرین، بم سکواڈ اور خفیہ سروس کے اہلکار دھماکوں کے مقامات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل 2005 میں بنگلور ميں شدت پسند حملہ ہوا تھا ۔ اس وقت انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس ميں شدت پسندوں نے گولیاں چلائی تھیں جس میں ایک پروفیسر کی موت ہو گئی تھی۔ |