امریکہ جوہری ڈیل کےاطلاق کا خواہاں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ہندوستان کے ساتھ جوہری معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہے۔ کونڈولیزا رائس کا یہ بیان حکومت ہند کی جانب سے ان واضح اشاروں کے پس منظر میں آیا ہے کہ بائیں بازو کی اتحادی جماعتوں کے دباؤ کی وجہ سے یہ معاہدہ ختم کیا جاسکتا ہے۔ ہندوستان میں کانگریس کی حکومت بائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت سے ہی اقتدار میں ہے۔ کمیونسٹ جماعتوں کو خطرہ ہے کہ جوہری معاہدہ کی وجہ سے امریکہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو بڑی حد تک متاثر کرنے کی حیثیت میں آجائے گا۔ وہ واضح الفاظ میں یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ اگر ا س معاہدے پر عمل درآمد کیا گیا تو وہ حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لیں گے، اور مبصرین کے مطابق اگر ایسا ہوتا ہے تو ملک میں وسط مدتی انتخابات کرانا ناگزیر ہو جائے گا۔ اس متنازعہ معاہدہ کے تحت ہندوستان کو غیرفوجی جوہری ٹیکنالوجی اور جوہری ایندھن تک رسائی حاصل ہوگی حالانکہ ہندوستان نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے یعنی این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان شان میک کارمیک کے مطابق محترمہ رائس نے پیر کے روز ہندوستانی وزیر خارجہ پرنب مکھرجی سے ٹیلی فون پر بات کی اور کہا کہ امریکہ معاہدہ پر قائم ہے اور اس پر عمل درآمد کرنا چاہتا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس معاہدے کو ایک نئی شکل دی جاسکتی ہے، ترجمان نے کہا کہ فی الحال اس بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ مسٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی حکومت اور کمیونسٹ جماعتوں کے درمیان کئی دور کی بات چیت ہوچکی ہے لیکن جمود کو ختم نہیں کیا جاسکا۔ اب بات چیت 16 نومبر سے دوبارہ شروع ہوگی۔ امریکی حکومت چاہتی ہے کہ آئندہ برس کے صدارتی انتخابات سے قبل اس معاہدے پر عمل درآمد مکمل ہوجائے۔ مسٹر منموہن سنگھ نے حال ہی میں صدر بش کو بتایا تھا کہ انہیں سیاسی مخالفت کی وجہ سے اس معاہدے پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے جس سے یہ عندیہ ملا تھا کہ ہندوستان معاہدہ سے پیچھے ہٹ سکتا ہے۔ اس معاہدے کی بین الاقوامی سطح پر بھی مخالفت کی گئی ہے کیونکہ معاہدے کے تحت ہندوستان استعمال شدہ جوہری ایندھن کو دوبارہ افزودہ کرسکتا ہے۔ |
اسی بارے میں پیچھے نہیں رہے سکتے: منموہن31 August, 2007 | انڈیا ہند امریکہ معاہدہ، حکمران اتحاد میں دراڑیں21 September, 2007 | انڈیا ’معاہدے کے مخالف ترقی کے دشمن‘07 October, 2007 | انڈیا جوہری معاہدے پر مذاکرات جاری18 October, 2007 | انڈیا جوہری معاہدے پر عملدرآمد ملتوی 22 October, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||