BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 01 October, 2007, 12:06 GMT 17:06 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
سلمان خان بھی موم ہو گئے

سلمان خان
مادام تساد کا نیا ہیرو
بوجھیے تو سہی کہ مادام تساد کے میوزیم میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور ایشوریہ رائے کا ساتھ دینے کون بالی وڈ اداکار قدم رکھنے والا ہے؟ اس دوڑ میں ابھیشیک بچن، مادھوری دکشت، پریتی زنٹا اور فلمساز کرن جوہر تھے لیکن بازی سلمان خان نے مار لی۔ انڈیا سے باہر سلو بھیا کے کروڑوں شیدائی ہیں جو ان کے سٹائل اور اداکاری کے دیوانے ہیں۔

بہت جلد ماہرین ممبئی آنے والے ہیں جو سلو کا سٹائل دیکھیں گے اور ساتھ ہی ان کے جسم کا ناپ بھی لیا جائےگا۔ مجسمہ کی نقاب کشائی اگلے سال جنوری میں ہو گی۔

کاپی کیٹ ابھیشیک
یاد ہے اسی کالم میں ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ شاہ رخ خان کی فلم ’چک دے انڈیا‘ کی کامیابی کے بعد ابھیشیک بچن نے بھی اپنے فلمسازوں کو سپورٹس پر مبنی کوئی کہانی تلاش کرنے کے لیے کہا تھا۔اب نئی خبر یہ ہے کہ ابھیشیک ہاکی کھیلنا سیکھ رہے ہیں۔

ابھیشیک بچن

وہ اپنے کوریوگرافر باسکو اینڈ سیزر کے ساتھ مل کر فلم کے سیٹ پر خالی اوقات میں ہاکی کھیلنے لگتے ہیں۔ابھیشیک یہ کیا، کاپی کرنا اچھی بات نہیں ہے۔ عامر خان نے لگان میں کرکٹ تو شاہ رخ خان نے چک دے انڈیا میں ہاکی کھیلی۔ اس لیے ہمارے خیال میں آپ کو شاید ٹینس کھیلنا چاہئے۔ کیا خیال ہے آپ سب کا!

حسِین بپاشا باسو
فلم فیئر میگزین نے انڈیا کی پچاس خوبصورت خواتین کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں اپنی بپاشا باسو بھی ہیں۔ بلکہ میگزین کے سرورق پر بپاشا کی تصویر ہی شائع کی گئی ہے۔ خود کو پچاس حسینوں میں سے ایک دیکھ کر بپاشا کی خوشی کی انتہا ہی نہیں رہی۔اُوف بپ ۔۔۔۔اپنی خوشی پر قابو ہی نہیں پا سکیں اور خود میگزین کے دفتر پہنچ گئیں۔بے بی کیا آپ کو خود پر یقین نہیں تھا۔۔۔۔۔

نئی ممتاز محل
اب اتنی خوبصورتی کس میں سما سکتی ہے؟ ہاں لیکن ایک نام ہے اور وہ دنیا کی حسین ترین خواتین میں سے ایک ایشوریا رائے کا۔ جی ہاں اب ایش ممتاز محل بنیں گی اور وہ بھی ہالی وڈ اداکار بین کنگسلے کے ساتھ جو ایش کے شاہجہاں ہوں گے۔ دراصل فلم The Last Legion کی شوٹنگ کے دوران کنگلسلے ایش کی خوبصورتی کے قائل ہو گئے۔ فلم کی شوٹنگ اگلے سال کے وسط میں آگرہ اور فتح پور سیکری میں ہو گی۔

ایشوریا رائے
کرینہ اور شاہد کپور کی مشکل
کرینہ کپور اور چھوٹے نواب سیف علی خان کی ’قریبی دوستی‘ کی خبریں اب بالی وڈ میں پرانی ہو چکی ہیں۔ نئی خبر تو یہ ہے کہ فلم ’جب وی میٹ‘ میں بے بو اور شاہد پر ایک ایک سین فلمانا باقی ہے، اس لیے شاہد ممبئی آچکے ہیں۔ اب دونوں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے تو کیا ہوگا۔ یہ پریشانی کرینہ اور شاہد کی ہی نہیں ان سے زیادہ تو ہدات کار امتیاز علی پریشان ہیں کہ آخر پیار بھرے منظر کو فلمانے میں انہیں کامیابی ہوتی ہے یا نہیں۔۔۔۔امتیاز ہمیں لگتا ہے آپ کو ڈرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ ارے بھئی کرینہ اداکاری میں ماہر ہو چکی ہیں ۔۔۔۔۔

سونے کے دل والا
اب تک تو بالی وڈ میں سلمان خان کی رحم دلی کی ہی خبریں گشت کرتی رہی ہیں لیکن اب ایک اور اداکار نے ایک ایسا کام کر دیا جس کے لیے انہیں سونے کے دل والا کہنا غلط نہ ہوگا۔رتیک روشن اشتہاری فلم کے لیے شوٹ کر رہے تھے جب اس میں ان کا سٹنٹ کرنے والے فاروق شیخ چالیس فٹ کی اونچائی سے گرے اور انہوں نے وہیں دم توڑ دیا۔

شیخ کے تین بچے بھی ہیں جب رتیک کو پتہ چلا کہ کمپنی نے کوئی مالی مدد نہیں کی تو انہوں نے شیخ کے بچوں کے لیے بینک میں کثیر رقم فکس ڈپازٹ کر دی۔ویسے اس میں آپ آئٹم گرل راکھی ساونت کا نام بھی شامل کر سکتے ہیں جنہوں نے کسی کینسر کی مریضہ کی چپ چاپ مدد کی۔

جلا لے یا پھونک دے
یاد ہے آپ کو۔۔۔ارے آپ بھولے بھی تو نہیں ہوں گے کہ بیڑی جلئی لے پر بپاشا باسو نے کتنا زبردست رقص کیا تھا۔اب وہی بپاشا اپنے دوست جان ابراہام کے ساتھ نو سموکنگ میں ’پھونک دے‘ پر رقص کریں گی۔ اس آئٹم رقص کا گیت بھی گلزار نے لکھا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنی لگائی آگ ( بیڑی جلئی لے ) کو ’پھونک دے‘ کے ذریعہ بجھانے میں کتنی کامیاب ہوتی ہیں۔

بپاشا باسو
بالی وڈ یا کرکٹ ہیرو
بالی وڈ ہیرو یا کرکٹ کھلاڑی آخر اصل ہیرو کون ہیں۔یہ ہم تو نہیں جانتے لیکن ممبئی ہی نہیں دنیا نے دیکھ لیا کہ کس طرح لوگوں نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کپ جیت کر آئے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔اور ایک اور راز کی بات بتائیں! اسی روز شہر کے فائیو سٹار ہوٹل میں ایک پارٹی تھی جس میں ان کھلاڑیوں کے ساتھ بالی وڈ ستارے بھی مدعو تھے۔لوگوں نے دیکھا چند ستارے (نام ہی نہیں بتائیں گے) ہوٹل میں آئے لیکن چند ہی منٹوں بعد واپس چلے گئے۔۔۔چچ۔۔چچ کوئی انہیں وہاں پوچھ ہی نہیں رہا تھا۔

چھوٹے نواب کے ابراہیم
کیا آپ جانتے ہیں کہ آج کل چھوٹے نواب سیف علی خان کو کس سے اپنے کریئر کا خطرہ ہے؟ اپنے ہی آٹھ سالہ بیٹے ابراہیم سے۔۔۔وہ اس لیے کہ یش چوپڑہ کی فلم ’تشان‘ میں ابراہیم نے ایک چھوٹا سا رول کیا جس پر انہیں ڈھیروں تالیاں ملیں۔ ماں امرتیا سنگھ بھی ابراہیم کی ہمت بڑھانے سیٹ پر موجود تھیں۔اب دادی (شرمیلا ٹیگور) اور پھوپھی سوہا علی خان، باپ اور ماں جیسے اداکار خاندان میں ہوں تو اداکاری کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ یہ تو خون میں ہی شامل ہے۔اور پھر یہ ستائش ملنی ہی تھی۔

بیچارے وویک
ہمیں کبھی کبھی وویک پر بہت ترس آتا ہے۔ وہ ایک رشتہ سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں تو دوسرا الجھ جاتا ہے۔اب دیکھیے انہوں نے ایک فلم کے سیٹ پر ہزارہا لوگوں کی موجودگی میں سلو بھیا سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔

اس کے بعد انہوں نے اب حال ہی میں فلمساز اپوروا لکھیا کی برتھ ڈے پارٹی میں ابھیشیک بچن کے گلے مل کر اپنی غلطیوں کی معافی مانگ لی لیکن بیچارے وویک کی قسمت کہ اس پارٹی میں پھر سنجو بابا بھی پہنچ گئے اور انہوں نے وویک کو ایسی ترچھی نظروں سے دیکھا کہ وویک پارٹی چھوڑ کر چلے گئے۔

آپ کو پتہ ہے ناں کہ وویک نے سنجو بابا کی مانیتا کو بھی ایس ایم ایس کیےاور پھول بھیجنے کی گستاخی کی تھی۔۔۔۔۔اب غلطی ہمیشہ وویک کی ہوتی ہے یا ان کی تقدیر کی یہ فیصلہ آپ پر چھوڑ دیا۔

گووندا، سنیل دت اور سنجے دت
گووندا کی مصروفیت
اپنے چی چی ( گووندا) آج کل اتنے مصروف ہو گئے ہیں کہ اب ان کے پاس اپرنا سین جیسی ہدایت کار کی فلم ’جیولری باکس‘ کرنے کے لیے تاریخیں نہیں بچی ہیں۔انہوں نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔بالی وڈ میں دن بدلتے دیر نہیں لگتی۔ایک وقت تھا جب فلاپ فلمیں دینے اور سیاست میں آنے کے بعد گووندا کے پاس سرمایہ نہیں پچا تھا لیکن اب۔۔۔۔۔۔

بیڈ مین سیٹ سے بھاگے
جی ہاں جب بیڈ مین ( گلشن گروور) سیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔دراصل ایک شو میں راکھی ساونت ان کا انٹرویو کرنے والی تھیں۔ان کے ساتھ ایک اور اداکارہ بھی آنے والی تھیں لیکن وہ نہیں پہنچیں تو فیصلہ کیا گیا کہ راکھی اکیلے ہی بیڈ مین کو انٹرویو کریں لیکن یہ سنتے ہی بیڈ مین سیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ایسا کیوں کیا آپ ہمیں بتا سکتے ہیں؟۔۔۔۔

جاوید اختر کی ناراضگی
جاوید اختر فلم ’اوم شانتی اوم‘ کی میوزک ریلیز پارٹی میں اسی ہوٹل میں قیام رہنے کے باوجود شریک نہیں ہوئے۔ جاوید صاحب نے اس فلم کے نغمے لکھے ہیں اور موسیقی وشال شیکھر جوڑی نے دی ہے۔ دراصل ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید صاحب کی خفگی اس بات پر ہے کہ ان کے گیت میں وشال نے پھیر بدل کر دیا اور وہ اسے برداشت نہیں کر سکے۔ ہمیں تو جاوید صاحب کا غصہ جائز لگا۔

مصالحت
پرینکا چوپڑہ اور ان کے سابق سکریٹری پرکاش جاجو کے درمیان آخر مصالحت ہو ہی گئی اور یہ کام کسی اور نے نہیں فلمساز ساجد نڈیاڈ والا نے کیا ہے۔پرینکا نے اب سکون کی سانس لی ہے کیونکہ عدالت کی سیڑھیاں اور کرائم برانچ کے چکر کاٹتے وہ تھک چکی تھیں۔

چلتے چلتے
فلمساز مہیش بھٹ اب ایکتا کپور کی فلم ’سی کمپنی‘ میں اداکاری کریں گے۔اوم پوری اپنی زندگی پر کتاب لکھنے کی تیاری میں ہیں اور وہ کتاب کئی جلدوں پر مشتمل ہو گی۔عمران ہاشمی اور ان کے دوستوں نے ایک نائٹ کلب میں جھگڑا کیا اور انہیں وہاں کے باکسرز نے ہوٹل سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔بے بو نے آخر کمال کر ہی دیا۔ انہیں چھوٹے نواب کی ہوم پروڈکشن فلم میں ہیروئین کا رول مل ہی گیا۔مصر کی برانڈ سفیر بن جانے والی سیلینا جیٹلی اب ہالی وڈ کی راہوں پر چل پڑی ہیں انہیں ایک نہیں دو فلمیں مل گئی ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد