گجرات میں فرقہ وارانہ کشیدگي | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی مغربی ریاست گجرات میں سورت کے بعض علاقوں میں منگل کی شام فرقہ وارانہ فساد کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔اس سلسلے میں پولیس نے تیس افراد کو گرفتار کیا ہے۔ سورت شہر کے مسلمانوں کی اکثریت والے کوساڑی گاؤں میں گائے کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی کمیٹی ’ گاؤ رکشا سمیتی‘ کے ایک مقامی رہنما کے قتل کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے۔ سورت کے منگرول تعلقہ میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان زبردست تناؤ ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے اضافی پولیس تعینات کی گئي ہے۔ پر تشدد ہجوم نے کئی دکانوں کو نذر آتش کر دیا اور تشدد پر آمادہ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی گئی۔ علاقے میں رات کا کرفیو نافذ تھا جسے دن میں اٹھا لیا گيا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سمیتی کے رہنما جشو بھائی دربار کوساڑی اس افواہ کی تصدیق کرنے گئے تھے کہ وہاں گائے ذبح کی گئی ہے لیکن گاؤں میں بحث و تکرار کے بعد انہیں قتل کر دیا گيا۔ ان کے قتل کی خبر پھیلتے ہی آس پاس کے دیہات کے دیگر لوگ جمع ہونے لگے اور منگل کی شام کو جب ان کا جنازہ نکلا تو پر تشدد ہجوم نے کئی دکانوں اور مکانوں کو آگ لگا دی۔ کوساڈی گاؤں کی آبادی تقریبا پانچ ہزار افراد پر مشتمل ہے اور اکثریت اقلیتی فرقے کی ہے۔ جشو بھائی کا تعلق پاس کے گاؤں لیماڑا سے تھا۔ سورت کے کلیکٹر دلیپ راول کا کہنا تھا کہ منگرول تعلقہ کے کوساڑی گاؤں کے آس پاس فساد پھیلانے کے سلسلے میں پولیس نے تیس افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مسٹر راول کے مطابق اب حالات قابو میں ہیں۔ ایک مقامی صحافی فیصل بکیلی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں زبردست کشیدگی اور دہشت کا ماحول ہے۔ انہوں نے بتایا کوساڑی کے آس پاس، لیماڑا گاؤں اور کم و کامریج قصبوں میں کشیدگی ہے۔ ’خوف کے سبب مسلمان اپنا گھر چھوڑ کو دوسری جگہ منتقل ہو رہے ہیں، کامریج قصبے میں مسجد کے باہر ٹائر جلا کر پھینکنے کے ایک واقعہ سے ظہر کی نماز کے بعد تناؤ میں اور اضافہ ہوگيا ہے‘۔ |
اسی بارے میں گجرات:11 افراد کو عمر قید14 December, 2005 | انڈیا گجرات: ’5 ہزار خاندان بےگھر‘24 October, 2006 | انڈیا گجرات فسادات پر ایمنسٹی رپورٹ28 January, 2005 | انڈیا ’ہتھیار کی نہیں عقل کی ضرورت‘10 September, 2006 | انڈیا فسادات: مودی پر پھر نکتہ چینی13 May, 2005 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||