بھاگل پور فساد: معاوضوں کا معیار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بہار میں ایک تحقیقاتی کمیشن نے اٹھارہ سال قبل بھاگل پور میں ہونے والے فساد کے متاثرین کو1984 کے سکھ مخالف فسادات کے لیے متاثرین کے مساوی معاوضوں کی سفارش کی ہے۔ بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے گزشتہ برس بھاگلپور فسادات میں ہلاک ہونے والوں کے پسماندگان کو معاوضے دینے اور ان کی امداد کے دیگر پہلوؤں کا از سرنو جائزہ لینے کے لیے ایک کمیشن قائم کیا تھا۔ جسٹس این این سنگھ کی سربراہی میں قائم کیے جانے والے اس کمیشن نے اپنی پہلی رپورٹ منگل کو وزیراعلی کو پیش کر دی۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے بتایا کہ وزیراعظم منموہن سنگھ کو رپورٹ کے ساتھ ایک مکتوب بھیجا جا رہا ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ سکھ مخالف فسادات کے ورثا کو جو ساڑھے تین لاکھ روپے کا معاوضہ اور دیگر سہولتیں دی گئی ہیں وہ بھاگلپور کے متاثرین کو بھی دی جائیں۔ معاوضہ کا یہی پیکج گجرات فساد کے متاثرین کو بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکج میں پنشن دینےکی ذمہ داری ریاستی حکومت کو دی گئی ہے اور حکومت بہار اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے تیار ہے۔ پنشن کی رقم ڈھائی ہزار روپے مہینہ ہے۔ ریاستی حکومت نے امورِ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری افضل امان اللہ کو بھی مراسلہ بھیجا ہے تاکہ وہ اس سلسلہ میں وزارات داخلہ کے حکام سے تبادلہ خیال کریں۔
اس سے قبل بھاگل پور فساد میں ہلاک ہونے والے آٹھ سو ترپن لوگوں کے ورثا کو فی کس ایک لاکھ دس ہزار روپے کا معاوضہ دیا گیا تھا لیکن ہلاک ہونے والے مزید افراد کی شناخت کے بعد مجموعی تعداد نو سو ہوگئی۔ نئي رپورٹ کے مطابق تقریبا پچاس ہزار لوگ اس فساد سے متاثر اور بے گھر ہوئے تھے۔ کمیشن نے متاثرین کی بحالی کی بھی سفارش کی ہے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ کمیشن کو یہ ذمہ داری بھی دی گئی ہے کہ ملزموں کے خلاف جو کیس ثبوت کے باوجود بند کردیے گئے تھے ان کا از سرِ نو جائزہ لے کر سماعت شروع کرائی جائے۔ انہوں نے سابق وزیراعلی اور موجودہ وزیر ریلوے لالو پرساد یادو کا نام لیے بغیر کہا کہ جو پندرہ سالوں تک حکومت کرتے رہے انہوں نے اس معاملہ میں محض مگرمچھ (گھڑیالی) کے آنسو بہائے انصاف نہیں دلایا۔ داخلہ سکریٹری امان اللہ نے کہا کہ پہلی رپورٹ میں جن افسران پر انگلی اٹھائی گئی تھی ان کی فائل بھی جلد ہی کھولی جائیگی اور ان تمام افسران کے خلاف کاروائی شروع کی جائے گي خواہ وہ ریٹائر ہی کیوں نہ ہو گئے ہوں۔ | اسی بارے میں بھاگلپور قتلِ عام، چودہ کو عمرقید 07 July, 2007 | انڈیا لوگائیں کا قتل عام سامنے کیسے آیا؟21 June, 2007 | انڈیا بھاگلپور فسادات: چودہ مزید مجرم18 June, 2007 | انڈیا بھاگلپور فسادات کی تحقیقات کا حکم24 February, 2006 | انڈیا بھاگل پور فساد: ازسرنوسماعت29 July, 2007 | انڈیا بھاگل پور فساد: سزائیں مؤخر27 June, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||