دلی: انتخابات میں کانگریس کی ہار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے دارالحکومت دلی کے بلدیاتی انتخابات میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ حکمراں کانگریس کو زبردست نقصان ہوا ہے۔ دلی میں دو سو بہتر نشستوں پر مشتمل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لیے جمعرات کو ووٹ ڈالے گئے تھے۔ ابھی تمام سیٹوں کے نتائج کا اعلان نہیں ہوا ہے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی یا بی جے پی 65 سیٹیں جیت چکی ہے۔ ابتدائی اندازے بتاتے ہیں کہ بی جے پی کو دو تہائی اکثریت حاصل ہوجائے گی۔ کانگریس پارٹی کے اکثر علاقائی رہنما انتخابات ہار گئے ہیں اور پارٹی نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔ دلی کے رہائشی علاقوں میں تجارتی مراکز کے خلاف جاری سیلنگ مہم سے شہر کا ایک بڑا طبقہ ناراض تھا اور بی جے پی نے اسے انتخابات میں ایک بڑا موضوع بنا کر پیش کیا تھا۔ ملک میں فی الوقت مہنگائی عروج پر ہے اور تیل سے لے کر اشیائے خوردنی تک کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ بجلی اور پانی کے مسائل بھی عوام کے لیے پریشانی کا باعث ہیں اس لیے لوگوں میں حکمراں جماعت کے خلاف غم و غصہ پایا جاتا ہے لیکن کانگریس کی شکست کی ایک بڑی وجہ پارٹی کے اندررنی اختلافات بھی ہیں۔ آپس میں ہونے والی رسہ کشی کے سبب وزیراعلیٰ شیلا ڈکشٹ انتخابی مہم میں ایک طرح سے شامل ہی نہیں ہوئیں جبکہ بعض لیڈروں نے بلدیاتی انتخابات کو شیلا ڈکشٹ کی حکومت کے لیے ریفرنڈم قرار دیا تھا۔ سنہ دوہزار چار کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی کو فتح ہوئی تھی لیکن مستقل بڑھتی مہنگائی سے اب سونیا گاندھی کا جادو کم پڑتا نظر آرہا ہے۔ اتراکھنڈ اور پنجاب کے اسمبلی انتخابات میں بھی پارٹی کو شرمناک شکست سے دو چار ہونا پڑا۔ ممبئی کے بلدیاتی انتخابات میں بھی وہ چاروں خانے چت ہوگئی۔ دلی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے ایسا لگتا ہے کہ آئندہ برس اسمبلی انتخابات کے بعد پارٹی کا راج دلی سے بھی ختم ہوجائےگا۔ مبصرین کے مطابق ریاست اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس کے حالات بہتر نظر نہیں آ رہے ہیں۔ |
اسی بارے میں پی ڈی پی کانگریس اتحاد کا مستقبل؟ 20 May, 2006 | انڈیا انتخابات میں کانگریس کو دھچکا27 February, 2007 | انڈیا کانگریس میں جمہوریت کافقدان24 March, 2006 | انڈیا کانگریس کے لیے پہلا بڑا بحران 08 November, 2005 | انڈیا سونیا کی جیت یا کانگریس کا عروج11 May, 2006 | انڈیا دلی دھماکے، کم از کم اڑتالیس ہلاک29 October, 2005 | انڈیا دلی: تاجروں کی ہڑتال کا تیسرا دن01 November, 2006 | انڈیا دلی والوں کے لیے جرمانے بڑھ گئے27 March, 2007 | انڈیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||