کشمیر: 18 سرکاری ملازم برطرف | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے زیرِانتظام کشمیر میں حکومت نے شدت پسندوں سے رابطہ رکھنے کی پاداش میں اٹھارہ سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کر دیا ہے۔ اس فیصلہ پر عوامی حلقوں میں بے اطمینانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ برطرف شدہ ملازمین میں میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ایک ڈاکٹر، کشمیر یونیورسٹی کے ایک لیکچرار، دو ایگزیکٹیو انجینئر اور پولیس کانسٹیبل شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پچاس دیگر سرکاری ملازمین کا معاملہ زیرِ غور ہے جنہیں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات پر نوکری سے سبکدوش کیا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے جمعہ 9 مارچ کو کابینہ اجلاس کے دوران مختلف محکموں سے وابستہ اٹھارہ ملازمین کو نوکری سے برخواست کرنے کے احکامات صادر کیے۔ اس حوالے سے دفترِ داخلہ کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ ان ملازمین کو پولیس نے وقتاً فوقتاً شدت پسند سرگرمیو ں کی پاداش میں حراست میں لیا تھا۔ غلام نبی آزاد حکومت کے فائننشل کمشنر ہوم بی آر کنڈل نے بی بی سی کو بتایا’یہ سفارشات پولیس کی اطلاعات پر حکومت کے سامنے رکھی گئیں۔ ان سبھی ملازمین کے ’ڈوزئیر‘ ہمارے دفتر میں موجود ہیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فہرست دو ماہ قبل مکمل کی گئی تھی۔ حکومت کے اس فیصلہ سے عوامی حلقوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ برطرف کیے گئے ملازمین میں شامل سرینگر کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹو انجنئیر نذیر احمد جان چار ماہ قبل ریٹائر ہو گئے ہیں۔ نذیر جان پر الزام ہے کہ انہوں نے سرینگر میں اٹھائیس اگست دو ہزار تین کو ہونے والے ایک فدائی حملے میں ملوث شدت پسندوں کو اپنے گھر میں پناہ دی تھی۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں۔ نذیر جان کا کہنا تھا ’ان سفارشات کی صحت کا اس سے بڑھ کر ثبوت کیا ہوگا کہ مجھے سروس میں دکھایا گیا ہے جبکہ میں مہینوں پہلے ریٹائر ہو چکا ہوں‘۔ ایک ٹریڈ یونین لیڈر نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ برطرف شدہ ملازمین کے بارے میں حکومت کو کوئی حق نہیں کہ الزامات کو صحیح مان کر ان کا روزگار ختم کریں۔ ان کا کہنا تھا ’فرضی جھڑپوں کے معاملے میں تو ایس ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت سولہ اہلکار گرفتار ہیں، ثبوت بھی ہیں اور شواہد بھی ہم نے تو ابھی تک نہیں سنا کہ کسی پولیس اہلکار کو نوکری سے برخاست کیا گیا‘۔ | اسی بارے میں ہتھیار ڈالنے والا ’شدت پسند‘ قتل01 March, 2007 | انڈیا کشمیر: فوجی جوان کو سزائے موت02 March, 2007 | انڈیا ’فوجی انخلاء کے بغیر سکوپ نہیں‘04 March, 2007 | انڈیا ’دہشتگردی ہوئی مگر فسادات نہیں‘08 March, 2007 | انڈیا سرینگر میں ہوٹل پر حملہ10 March, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||