ذات کا نظام، ترقی کی راہ میں رکاوٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بی بی سی کے پول کے مطابق بھارتی عوام اپنے ملک کو ایک عالمی طاقت دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کے خیال میں ذات پات کا نظام اس حوالے سے ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ بی بی سی ورلڈ سروس کے اس پول میں حصہ لینے والے پچپن فیصد افراد کے خیال میں بھارت میں ذات کا نظام’معاشرتی ہم آہنگی‘ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ دو تہائی بھارتیوں کا ماننا ہے ملک کو ایک اقتصادی سپر پاور ہونا چاہیے جبکہ ساٹھ فیصد کے نزدیک اقتصادی قوت کے ہمراہ سیاسی اور ساٹھ فیصد کے ہی خیال میں عسکری طاقت بننا بھی ضروری ہے۔ اس پول سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اکہتر فیصد افراد بھارتی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور اکثریت جدید بھارتی ریاست کے بیشتر پہلوؤں کے حوالے سے پرامید ہے۔ نصف سے زائد کے خیال میں بھارت کا عدالتی نظام غریب اور امیر دونوں سے یکساں سلوک کرتا ہے اور باون فیصد کا ماننا ہے کہ اب بھارت میں عورت ہونا ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ سروے میں شامل اڑتالیس فیصد افراد نجی اداروں کے لیے کام کرنے کے متمنی ہیں جبکہ حکومتی اداروں کے لیے کام کرنے کی خواہش رکھنے والوں کی تعداد صرف بائیس فیصد ہے۔
کچھ پہلو ایسے بھی ہیں جن پر سروے میں شامل افراد کی رائے زیادہ مثبت نہیں۔ مثلاً سینتالیس فیصد افراد کا ماننا ہے کہ’ کرپشن ایک ایسی حقیقت ہے جسے آج کی دنیا میں کاروبار یا کام کا حصہ تسلیم کرلینا چاہیے‘۔ تاہم سروے میں شامل نوجوان بزرگوں کے مقابلے میں کرپشن کے زیادہ مخالف نظر آئے۔ اگرچہ بھارتی شہری اپنے ملک کو ایک عالمی اقتصادی طاقت کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں تاہم انہیں یقین نہیں کہ وہ حالیہ اقتصادی ترقی کے ثمرات سے بہرہ مند ہوں گے۔ اس سوال پر کہ کیا گزشتہ دس برس میں بھارت کی اقتصادی ترقی ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی، تو پینتالیس فیصد کی رائے مثبت اور پینتالیس فیصد کی رائے منفی تھی۔ پول میں شامل نصف افراد کا خیال ہے کہ بھارت میں لوگ اپنے مذہب کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ جبکہ چالیس فیصد کے نزدیک نوجوان نسل اپنی روایات اور ورثے سے تعلق توڑ چکی ہے۔ اس پول کے لیے بھارت میں 1616 افراد کا پانچ سے پندرہ دسمبر 2006 کے دوران انٹرویو کیا گیا اور بی بی سی ورلڈ سروس کے لیے یہ پول گلوب سکین نامی کمپنی نے کیا۔
| اسی بارے میں کس کا ہندوستان بدل رہا ہے ؟04 February, 2007 | انڈیا ’ملکی ترقی میں مسلمان کا حصہ کم‘27 December, 2006 | انڈیا سیاسی کشمکش اور معاشی ترقی کا سال 24 December, 2006 | انڈیا ریزرویشن بِل لوک سبھا میں منظور14 December, 2006 | انڈیا پسماندہ مسلم بھی دلتوں کےزمرےمیں 05 December, 2006 | انڈیا کوٹہ پالیسی درست ہے: سپریم کورٹ19 October, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||