ممبئی: ’ٹی این ٹی‘ برآمد،چارگرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ممبئی پولیس نے ایک عورت سمیت چار افراد کو دھماکہ خیز مواد ’ٹی این ٹی‘ رکھنے اور فروخت کے الزام میں گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ عدالت نے ان چاروں ملزمان کو انتیس جنوری تک پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل پولیس کمشنر بپن بہاری نے بی بی سی کو بتایا کہ ممبئی پولیس انٹیلیجنس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ شہر میں ٹی این ٹی فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے فرضی گاہک بن کر ان افراد سے ایک لاکھ روپے میں سودا طے کیا۔ جس کے بعد ممبئی کے مضافاتی ریلوے سٹیشن اندھیری پر ایک کانسٹیبل کو نقلی نوٹوں کے ساتھ بھیجا گیا اور یہ کانسٹیبل جب وہاں پہنچا تو اسے رگھو گائیکواڑ نامی عورت ملی۔ پولیس کے مطابق اس عورت نے رقم لینے کے بعد ایک تھیلا کھولا جس میں اوپر چاول تھے اور اندر پانچ کلو نو سوگرام ٹی این ٹی مادہ تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مواد رکھنے کا حق صرف فوج کو ہوتا ہے۔ موقع پر موجود پولیس نے فوراً اس عورت کو گرفتار کر لیا اور بعد ازاں اس کی نشاندہی پر اس کے دیگر تین ساتھیوں کو بھی پکڑ لیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر بپن بہاری کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد پتہ چلا ہے کہ ان ملزمان کا نہ تو کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی’انڈر ورلڈ‘ سے۔ تفتیش کے مطابق ان ملزمان نے یہ مادہ ناسک کے پاس دیولالی میں واقع فوجی اسلحہ ڈپو سے حاصل کیا تھا اور اب اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ آخر یہ مادہ ان افراد کے ہاتھ کیسے لگا۔ بپن بہاری کے مطابق اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اگر یہ سودا کسی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ ہوا ہوتا تو حالات بہت حد تک خطرناک ہو سکتے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی ایک ٹیم تفتیش کے لیے دیولالی جا چکی ہے۔ یاد رہے کہ ممبئی کافی عرصہ سے دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہے اور گزشتہ برس گیارہ جولائی کو یہاں ہونے والے ٹرین بم دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ | اسی بارے میں مہاراشٹر سے اسلحہ، بارود برآمد 15 May, 2006 | انڈیا مقابلے میں پاکستانی شہری ہلاک22 August, 2006 | انڈیا ماؤ نواز باغیوں کا اسلحہ پکڑا گیا08 September, 2006 | انڈیا ممبئی دھماکوں میں دو مزید قصوروار05 October, 2006 | انڈیا بڑی مقدار میں اسلحہ پکڑا گیا13 October, 2006 | انڈیا ممبئی دھماکے:کسٹم افسران قصور وار02 November, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||