سنجے دت کی رحم کی درخواست | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انیس سو ترانوے ممبئی بم دھماکوں کے ایک مقدمے میں مجرم پائے جانے والے بالی ووڈ کے اداکار سنجے دت نے پیر کو ممبئی کی ٹاڈا عدالت سے رحم کرنے کی اپیل کی ہے۔ سنجے دت نے بم دھماکوں کی سماعت کرنے والی خصوصی ٹاڈا عدالت میں مجرمین کی آزمائش کے لیے بنائے گئے ایک قانون Probation Of Offenders Act کی دفعہ چار کے تحت عدالت سے رحم کی اپیل کی ہے۔ خصوصی جج پرمود دتاتریہ کوڈے نے اس اپیل پر سماعت کو اٹھارہ جنوری تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ اسی دن سنجے دت کی عبوری ضمانت کی مدت ختم ہو رہی ہے اور سنجے کو عدالت میں حاضر ہونا ہے۔ سنجے دت کی وکیل فرحانہ شاہ نے بی بی سی سے اس اپیل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سنجے دت نے اپنی اپیل کے ساتھ معروف اداکار دلیپ کمار، ممبئی کے سابق شیریف نانا چڈاسما، بچوں کی سماجی تنظیم ’سیو دی چلڈرن‘ کی سربراہ مسز وپلا قادری اور سماجی خدمت گار یوسف مرچنٹ کے حلف نامے بھی شامل کیے ہیں جن میں انہوں نے سنجے کے اچھے کردار کی گواہی دی ہے۔ سنجے دت نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ انہوں نے شدید ذہنی دباؤ میں آ کر ذاتی اور خاندان کی حفاظت کے لیے اسلحہ رکھا تھا۔ انہوں نے عدالت کو اس وقت کے حالات بتائے کہ کس طرح انہیں گھر پر فون پر دھمکیاں دی جاتی تھیں۔ انیس سو بانوے اور ترانوے کے فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین کے مظلوموں کی مدد کے لیے ان کے والد اقلیتوں کی مدد کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کے خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ انہیں والد کے ساتھ ایسے مقامات پر جانا پڑتا تھا۔
سنجے دت نے اپنے زندگی کا وہ رخ بھی بتایا جب وہ والدہ کے انتقال کے بعد انہوں نے منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیوی کینسر کی وجہ سے مر چکی ہیں اور ان کی اٹھارہ سالہ بیٹی ترشلا کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر ہے۔ سنجے دت نے بتایا کہ وہ کینسر کے مریضوں کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں انہوں نے اپنی فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ کا حوالہ بھی دیا کہ وہ اس طرح کی فلمیں کرکے سماج میں بیداری پیدا کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ وکیل فرحانہ شاہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون کے تحت عدالت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مجرم کو عبوری راحت دے۔ سنجے اٹھارہ جنوری کو ضمانت میں توسیع کے لیے اپیل بھی داخل کرنے والے ہیں۔ سنجے دت انیس سو ترانوے بم دھماکوں کے ایک مجرم ہیں۔ عدالت نے انہیں بم دھماکوں کی سازش اور ملک سے غداری جیسے الزامات سے بری کر دیا ہے لیکن ان پر غیر قانونی ممنوعہ علاقہ میں اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہو چکا ہے۔ سنجے اس وقت ضمانت پر رہا ہیں۔ |
اسی بارے میں سنجے دت کیس کا فیصلہ آج؟27 November, 2006 | انڈیا سنجے دت کو مجرم قرار دے دیا گیا28 November, 2006 | انڈیا سنجےدت کی پیشی28 November, 2006 | انڈیا سنجے: ضمانت میں دو دن کی توسیع19 December, 2006 | انڈیا سنجے دت کی ضمانت میں توسیع21 December, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||