ہندوستان میں جان لیوا بارشیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ریاستوں گجرات، مہا راشٹر اور آندھرا پردیش میں شدید بارش کے سبب عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ بارش سے سوا دو سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور کئی گاؤں پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ ریاست آندھرا پردیش میں سیلاب سے اب تک سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دریائےگوداوری کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ چکی ہے اور تقریبًا 180 گاؤں زیر آب آگئے ہیں۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ سیلاب سے پچاس ہزار سے زیادہ مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اور ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے وزارت داخلہ نے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے اور اس مسئلے پر گزشتہ روز پارلیمنٹ میں بھی تشویش ظاہر کی گئی تھی۔ کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور وزیر داخلہ شیو راج پاٹل آندھرا کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ان علاقوں میں بری فوج اور فضائیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے اور متاثرہ علاقوں میں کھانے کے پیکٹ گرائے جا رہے ہیں۔
گجرات میں بارش سے سب سے زیادہ نقصان سورت شہر کو پہنچا ہے۔ پانی کی زیادتی کے سبب اکائی باندھ کھلنے سے سورت کے بیشتر علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ کئی علاقوں میں سکول اور کالج بند کر دیئے گئے ہیں اور فوج لوگوں کی مدد کر رہی ہے۔ بارش سےگجرات میں اب تک پچپن لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کی موسلا دھار باش سے کئی علاقوں میں صورت حال ابتر ہوگئی ہے۔ ریاست میں اب تک ستّر لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ ممبئي کے کئی علاقوں میں پانی بھرگیا ہے تاہم کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں۔ مہاراشٹر کے دیہی علاقوں، ناندیڑ ، پونے اور ناسک کے بیشتر علاقوں میں سیلاب سے کاروبارِ زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ناسک کے پندرہ گاؤں پانی میں پوری طرح ڈوب گئے ہیں۔ کئی دیہات کا رابطہ باقی علاقوں سے ٹوٹ گیا ہے اور بعض لوگوں کے پانی میں بہہ جانے کی خبریں ہیں۔ مہاراشٹر میں سیلاب سے فصلوں کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ مکانوں کے گرنے سے ہلاک ہوئے ہیں اور حکومتی اعداد و شمار سے کہیں زیادہ لوگوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے کیونکہ بہت سے علاقوں سے رابطہ تاحال ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ | اسی بارے میں مہاراشٹر میں بارش کا قہر جاری 06 August, 2006 | انڈیا گجرات میں بارش، سات ہلاک30 July, 2006 | انڈیا مون سون: دیہات زیرِ آب، 11 ہلاک05 July, 2006 | انڈیا موسلادھار بارش سےتیس ہلاک04 July, 2006 | انڈیا ممبئی: بجلی منقطع، پروازیں منسوخ04 July, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||