ظاہرہ شیخ: مزید تین ماہ قید کی سزا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بیسٹ بیکری کیس کی چشم دید گواہ ظاہرہ شیخ کو پیر کے روز ممبئی کی خصوصی عدالت نے حلف اٹھا کر عدالت میں جھوٹ بولنے کے معاملہ میں تین ماہ قید کی سزا اور پانچ سو روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم سنایا ہے۔ ظاہرہ اس وقت انڈیا کی سپریم کورٹ کی توہین کے الزام میں ایک سال جیل کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ اب اس سزا کے ختم ہونے کے بعد انہیں تین ماہ قید کی سزا کاٹنی ہوگی۔ خصوصی جج ابھے تھپسے نے عدالت میں اس کیس کی سماعت کے دوران بار بار ظاہرہ سے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ وہ کس کے کہنے پر جھوٹی گواہی دے رہی ہیں لیکن ظاہرہ نے بھی بار بار یہی دہرایا کہ وہ سچ کہہ رہی ہیں۔ ظاہرہ نے افسوس ظاہر کیا کہ ان کی وجہ سے ان کے گھر کے لوگوں کو بھی سزا کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واضح رہے کہ ظاہرہ کی ماں اور ان کی بہن کو بھی عدالت نے جھوٹی گواہی دینے کے الزام میں تین ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ ظاہرہ کے وکیل اومیش دیشپانڈے کا کہنا ہے کہ ابھی انہوں نے عدالت کے اس فیصلہ کو چیلنج کرنے کے بارے میں غور نہیں کیا ہے۔ گجرات کے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران بیسٹ بیکری میں آگ لگا دی گئی تھی۔ اس میں چودہ افراد جل کرہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر ظاہرہ کے رشتے دار تھے۔ گجرات کی ایک فاسٹ ٹریک عدالت نے ناکافی شہادت کے سبب بیسٹ بیکری کے تمام ملزمان کو بری کردیا تھا۔ ظاہرہ اس پورے واقعہ کی چشم دید گواہ تھیں۔ بعد میں ظاہرہ شیخ نے انکشاف کیا تھا کہ ملزموں کی دھمکیوں کے سبب انہوں نے عدالت میں گواہی نہیں دی تھی۔ اس کے بعد عدلیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ نے اس معاملے کی ازسر نو سنوائی کے لیے اسے ریاست مہاراشٹر منتقل کردیا تھا۔ لیکن ممبئی کی خصوصی عدالت میں بھی ظاہرہ دوبارہ اپنے بیان سے منحرف ہوگئیں تھیں۔ انکا کہنا تھا کہ سماجی کار کن تیستا سیتلواڈ کے کہنے پر انہوں نے بیان بدلا تھا۔ مہاراشٹر کی عدالت نے نو مجرمین کو عمر قید کی سزا دی اور ظاہرہ اور ان کےگھر والوں پر بار بار بیان بدلنے اور حلف لے کر جھوٹ بولنے کا مقدمہ شروع کیا گیا۔ ظاہرہ ایسی پہلی مجرم ہیں جن پر جھوٹی گواہی کا مقدمہ چلا اور عدالت کا یہ فیصلہ انڈیا کی عدلیہ میں ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے ۔ |
اسی بارے میں ظاہرہ شیخ کی تمام املاک ضبط09 June, 2006 | انڈیا ظاہرہ کی والدہ کو تین ماہ قید16 May, 2006 | انڈیا سزا میں کمی، ظاہرہ کی درخواست رد10 April, 2006 | انڈیا ظاہرہ جھوٹی ہیں: انکوائری کمیٹی29 August, 2005 | انڈیا بیسٹ بیکری کیس: ظاہرہ کو سزا08 March, 2006 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||