ظاہرہ شیخ کی تمام املاک ضبط | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گجرات کے بیسٹ بیکری کیس کی اہم گواہ ظاہرہ شیخ کے وکیل امیش دیش پانڈے نے بتایاہے کہ ظاہرہ اور ان کے گھروالوں کی ساری جائداد وڈودرہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے ضبط کر لی ہے۔ ان کے بینک کھاتے بھی قرق کر لیئے گئے ہیں۔ دیش پانڈے نے وڈودرہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل کمشنر کے خط کی وہ کاپی بھی دکھائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چونکہ ظاہرہ نے تین برسوں سے انکم ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کیئے ہے اس لیئے ان کی تمام نامی اور بے نامی جائداد ضبط کی جا رہی ہے۔ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق میرا روڈ بھیئندر کے سنڈی کیٹ بینک اور ممبئی کے دو بینکوں میں ظاہرہ کے پانچ اکاؤنٹس ہیں۔ اس کے علاوہ میرا روڈ اور ممبئی میں ایک ایک فلیٹ ہے۔ ظاہرہ کے بھائی نصیب اللہ کے نام دو پلاٹ ہیں ۔ان تمام اثاثوں کو انکم ٹیکس نے ضبط کر لیا ہے۔ محکمہ محصولات نے ظاہرہ سے تین برسوں کے انکم ٹیکس کے حسابات طلب کیئے تھے۔ اسکے جواب میں ظاہرہ نے کہا تھا کہ فی الوقت وہ جیل میں سزا کاٹ رہی ہیں اس لیئے انہیں مزید مہلت دی جائے لیکن انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے مزید مہلت دینے سے انکار کردیا اور ان کے تمام اثاثوں کو قرق کر لیا ہے۔
ممبئی کی سیشن کورٹ میں ظاہرہ پرجھوٹی گواہی کا بھی مقدمہ چل رہا ہے۔ ظاہرہ نے جمعہ کے روز عدالت میں اپنے اوپر عائد تمام الزامات سے انکارکیا ہے۔ وہ عدالت میں یہی کہتی رہیں کہ انہوں نے اس سے پہلے جوگواہی دی تھی وہی سچ ہے۔ معاملے کی سماعت کر رہے جج ابھے تھپسے ظاہرہ پر برہم بھی ہوئے اور انہوں نے کہا کہ وہ سمجھ سکتے ہیں کہ ظاہرہ کو کسی نے جھوٹ بولنے پر اکسایا ہے ۔ان کے بارے میں اب فیصلہ پیر کے روز ہو گا۔ اس سے قبل عدالت نے جھوٹ بولنے کے معاملے میں ظاہرہ کی ماں سحرالنساء اور بہن ساحرہ کو تین تین ماہ قید اور پانچ سو روپیہ جرمانہ کی سزاسنائی ہے۔ بھائی نصیب اللہ کوبھی مجرم قرار دیا گیا ہے لیکن اس کی کم عمری کو دیکھتے ہوئے عدالت نے سزا کا اعلان نہیں کیاہے ۔ ظاہرہ سن دو ہزار دو میں گجرات میں ہونے والے فسادات میں بیسٹ بیکری کیس کی اہم گواہ تھی اور عدالت میں بیان بدلنے کے جرم میں سپریم کورٹ نے انہیں توہین عدالت کا مجرم قرار دیاہے اور اس سلسلے میں وہ جیل میں قید ہیں۔ | اسی بارے میں ظاہرہ شیخ عدالتی تحویل میں13 March, 2006 | انڈیا بیسٹ بیکری کیس: زہرہ کو سزا 08 March, 2006 | انڈیا بیسٹ بیکری کیس: نو ملزموں کو سزا24 February, 2006 | انڈیا ظاہرہ جھوٹی ہیں: انکوائری کمیٹی29 August, 2005 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||