مہاراشٹر میں مون سون، متعدد ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈین ریاست مہاراشٹر میں مون سون کی آمد سے ممبئی کے شہریوں کو جھلسا دینے والی گرمی سے تو نجات ملی ہے لیکن تین دن کی بارش نے ایک بار پھر گزشتہ برس کی یاد دلا دی جب بارش نے قہر ڈھایا تھا اور سینکڑوں لوگ پہلے جگہ جگہ پانی بھر جانے سے ہلاک ہوئے تو بعد میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی وجہ سے موت کا نشانہ بنے۔ اس سال مون سون وقت سے پہلے ہی آ گیا جس کی وجہ سے ممبئی شہر کی زندگی صرف اڑتالیس گھنٹوں کی بارش میں ہی اتھل پتھل ہوگئی۔ تین دن کی بارش میں ممبئی میں تین افراد کی موت واقع ہوئی تو وہیں کونکن کے ساحلی علاقہ رتناگیری میں طوفانی بارش کی وجہ سے چار، اورنگ آباد میں آٹھ، سندھو درگ میں دو اور دھولے اور ناگپور میں ایک ایک، اس طرح کل ملا کر انیس افراد ہلاک ہوگئے۔ ممبئی کے تمام زیریں علاقے صرف چند گھنٹوں کی بارش میں ڈوب گئے۔ اگر سینٹرل ریلوے کے ہیڈ وائر ٹوٹنے سے ٹرینیں چھ گھنٹے سے زیادہ لیٹ تھیں تو وہیں کوکن لائن کی ٹرینیں تیرہ سے چودہ گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی تھیں۔ حالانکہ گزشتہ برس کی تباہی کے بعد حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ میٹھی ندی کو چوڑا کرنے کا کام وقت سے پہلے کر لےگی لیکن وہاں بسے لوگوں کو ہٹانے، انہیں متبادل جگہ دینے اور پھر میٹھی ندی کو چوڑا کرنے میں ایک سال کا وقت لگ گیا اور ندی کو پلان کے مطابق چوڑا بھی نہیں کیا جا سکا۔
وزیراعلٰی ولاس راؤ دیش مکھ کا کہنا تھا کہ’وقت سے پہلے بارش نے منصوبہ کو اتھل پتھل کر دیا لیکن اس کے باوجود حکومت نے ممبئی میونسپل کارپوریشن میں ناگہانی آسمانی آفات سے نمٹنے کے لیئے سیل قائم کر دیا ہے اور حکومت کی مشینری ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیئے پوری طرح تیار ہے‘۔ ممبئی میونسپل کمشنر جانی جوزف کا کہنا تھا کہ کارپوریشن نے اس مرتبہ بہت اچھا کام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے نالوں کی صفائی اسی فیصد مکمل کر دی گئی تھی اور اگر بارش وقت سے پہلے نہیں آتی تو یہ کام مکمل ہو جاتا لیکن بارش کا پانی خود کارپوریشن ہیڈ کوارٹر میں بھر گیا تھا اور عملہ پانی نکالنے پر مجبور تھا۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کو ابھی بھی نالوں کی صفائی اور میٹھی ندی کو چوڑا کرنے کے لیئے ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ رقم کی ضرورت ہے لیکن یہ رقم نہ تو اب تک مرکز سے ملی ہے اور نہ ہی ریاستی حکومت نے اسے کارپوریشن کو دیا ہے ۔ | اسی بارے میں آسمانی بجلی گرنے سے 20 ہلاک17 April, 2006 | انڈیا خوشی کے ساتھ ساتھ تکلیفیں بھی27 May, 2006 | انڈیا بھارت: شدید بارش، تیرہ ہلاک05 December, 2005 | انڈیا تامل ناڈو: بارش، ہلاکتیں، فوج طلب26 November, 2005 | انڈیا بسیں بہہ گئیں، 100ہلاک25 November, 2005 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||