BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت:
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شیوسینا کو ایک اور بڑا دھچکہ

 راج ٹھاکرے
راج ٹھاکرے شیوسینا میں یوتھ ونگ کے لیڈر تھے
ہندو قوم پرست جماعت شیو سینا کے لیڈ ر بال ٹھاکرے کے بھتیجے راج ٹھاکرے نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جلد ہی وہ ایک نئی سیاسی جماعت بنا ئيں گے۔ اس برس شیو سینا کے کئی سینئر رہنما پارٹی سے الگ ہوئے ہیں تاہم عوام میں مقبول اور خاندان کے ایک اہم فرد راج ٹھاکرے کے الگ ہونے سے پارٹی کو خاصا نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

اتوار کے روز ممبئی میں راج ٹھاکرے نے کہا کہ ان کے اور پارٹی کے موجودہ صدر ادھو ٹھاکرے کے درمیان نظریاتی اختلافات ہیں اس لیے وہ شیو سینا سے الگ ہو رہے ہیں۔ ادھو بال ٹھاکرے کے بیٹے ہیں جبکہ راج ان کے بھتیجے ہیں لیکن عوام میں راج کو زیادہ مقبولیت حاصل ہے۔

دونوں چچازاد بھائیوں میں کافی دنوں سے سرد مہری تھی اور حال ہی میں تصفیے کے لیے خود بال ٹھاکرے نے راج سے ملاقات کی تھی لیکن وہ یہ کشیدگی دور کرنے میں نا کام رہے۔

اس سلسلے میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ آخر راج ٹھاکرے کیا فیصلہ لیں گے اور جب راج نے ممبئی میں میڈیا کی زبردست بھیڑ کے سامنے اپنے فیصلے کا اعلان کیا تو ان کے ہزاروں حامیوں نے تالیاں بجاکر خیرمقدم کیا۔

راج ٹھاکرے شیوسینا میں یوتھ ونگ کے لیڈر تھے اور ان کے زیادہ تر حامی نوجوان شیو سینک ہیں۔ اتوار کے روز ان کا فیصلہ سننے کے لیے پورے مہاراشٹر سے زیادہ تر نوجوان جمع ہوئے تھے اور ان کے جوش و خروش سے یہ لگتا تھا کہ یوتھ ونگ کے شیو سینکوں کی ایک بڑی تعداد آج بھی راج ٹھاکرے کی حامی ہے۔ تاہم ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ ان کی پارٹی میں کتنے لوگ شامل ہوتے ہیں۔

راج ٹھاکرے نے حال ہی میں پارٹی کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا اور عام خیال یہ تھا کہ وہ حکمران جماعت کانگریس یا شرد پوار کی پارٹی نیشنلسٹ کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ ان دونوں جماعتوں نے راج کو کھلی دعوت بھی دی تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

اسی برس شیو سینا کے ایک سینئر رہنما نارائن رانے اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہوئے تھے اور اس سے قبل سنجے نروپم نےبھی شیوسینا سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

ان تمام واقعات سے شیو سینا کی مقبولیت میں کافی کمی آئی تھی تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے ٹھاکرے خاندان کے کسی فرد کا شیوسینا سے الگ ہونا پارٹی کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے۔

اسی بارے میں
شیوسینا پارٹی کا خاتمہ؟
27 November, 2005 | انڈیا
شیوسینا خاتمے کے قریب
22 November, 2005 | انڈیا
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد