ٹرین میں پھنسے مسافر بچا لیے گئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی ریاست گجرات میں اہلکاروں نے بتایا ہے کہ مسافروں سے بھری جو ٹرین گاڑی سیلاب کا پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریک پر پھنس گئی تھی اس کے ساڑھے تین سو مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ یہ مسافر دو روز سے ٹرین میں پھنسے ہوئے تھے کیونکہ علاقے میں سیلاب کا پانی کافی بلند ہوگیا تھا۔ اخباری اطلاعات کے مطابق، ٹرین میں پھنسے ہوئے مسافروں میں سے ایک کے پاس موبائل فون تھا جس کی بیٹری باقی تھی اور اسی سے مسافروں نے اپنے بچاؤ کے لیے مختلف مقامات پر فون کیا۔ گجرات پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ٹرین کے تمام مسافروں کو مقامی پولیس اور فوج کے جوانوں نے بچایا ہے۔ ’سب کے سب مسافروں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔‘ ایک کاروباری شخص راجیش سیٹھ نے رائٹرز کو بتایا کہ انہیں ٹرین سے ان کی بیوی نے ٹیلی فون کیا اور وہ فوراً ہی اس علاقے کی طرف چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر نوے عورتوں اور بچوں کو محفوظ مقامات کی طرف پہنچایا۔ گجرات کا ایک وسیع علاقہ ابھی تک سیلاب کی لپیٹ میں ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو بیس سے بھی تجاوز کرگئی ہے ۔جبکہ چار لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ہندوستان کے وزیر داخلہ مسٹر شیوراج پاٹیل نے کہا ہے کہ گجرات کا ستر فیصد علاقہ سیلاب سے متاثر ہے اور مرکزی حکومت متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ ، بری فوج اور نیم فوجی دستے بھی امدادی کام پر متعین کردیئے گئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||