ریل حادثہ، چھ اہلکار معطل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمعرات کو بھارتی ریاست گجرات میں سابرمتی ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کے بعد چھ ریلوے اہلکاروں کو غفلت برتنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔ بڑودہ کے نزدیک پیش آنے والے اس حادثے میں سترہ افراد ہلاک اور اٹھہتر شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ریلوے حکام کے مطابق معطل کیے جانے والے افراد میں سٹیشن کا سگنل مین، اس کا نائب بھی شامل ہیں۔ بھارت کی جنوبی ریلوے کے افسر تعلقاتِ عامہ شیلندر کمار نے بتایا کہ اس حادثے کی تفتیش کا آغاز جائے حادثہ پر ہفتے کو کیا گیا اور یہ انکوائری ریلوے سیفٹی کے کمشنر کر رہے ہیں۔ بھارتی ریلوے کے ترجمان کمل کشور دوبے کا کہنا تھا کہ معطل کیے جانے والے افراد میں سے کچھ پر غفلت میں انسانی جان لینے کا مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ کمل کشور دوبے نے بتایا کہ حادثہ مسافر ٹرین کو غلط سگنل کے ذریعے اس پٹڑی پر بھیجنے سے پیش آیا جہاں مال گاڑی روانگی کے لیے تیار کھڑی تھی۔ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر ٹرین وراناسی سے احمد آباد جا رہی تھی۔ اس حادثے میں ٹرین کا انجن اور چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔ بھارت کا ریلوے نظام دنیا کے سب سے بڑے ریل نظاموں میں سے ایک ہے اور اس سے روزانہ تیرہ ملین افراد استفادہ کرتے ہیں۔ تاہم ناقص انتظامات کے سبب بھارت میں ہر سال تین سو ریل حادثے ہوتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||