بھارتی وزیرِاعظم منموہن سنگھ اور پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف کے درمیان مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں امن مذاکرات کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔ یہ مشترکہ اعلامیہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں پڑھ کر سنایا۔ اس مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک جن نکات پر متفق ہوئے ہیں ان میں باہمی تجارت کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ تجارتی کمیٹی کا قیام، جنوری 2006 تک بھارتی ریاست راجھستان اور پاکستانی صوبہ سندھ کے درمیان ریل رابطہ، کشمیر بس سروس میں شامل بسوں میں اضافہ، اس برس کے اواخر تک ممبئی اور کراچی میں قونصل خانوں کے بحالی اور امرتسر اور لاہور کے بیچ ایک نئی بس سروس کا آغاز شامل ہیں۔ امریکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق صدر مشرف نے بھارت کے ساتھ اپنی بات چیت کو کامیاب قرار دیا تاہم انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تصفیے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ |