زرداری، مشرف ملاقات16اپریل کو | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اپنے شوہرآصف علی زرداری کے ساتھ دو روزہ ذاتی دورے پر ہندوستان پہنچی ہیں۔ جے پور کے سانگانیر ایئرپورٹ پر بینظیر بھٹو نے کہا کہ چند برس قبل وہ اجمیر آئی تھیں اور خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر منّت مانی تھی کہ ان کے شوہرآصف زرداری رہا ہوجائیں اور ہند و پاک تعلقات بہتر ہوجائیں۔ ان کہنا تھا کہ ’ چونکہ میری یہ دونوں مرادیں پوری ہوگئی ہیں اس لیے میں خواجہ کی درگاہ پر حاضری دینے آئی ہوں‘۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بینظیر بھٹو نے دونوں ملکوں کے درمیان بدلتے رشتوں پر خوشی ظاہر کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری مذاکرات میں اگر اسلام آباد کی نمائندگی منتخب قیادت کرتی تو یہ بات چیت زیادہ بامعنی اور نتیجہ خیز ہوتی۔ نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو نے امید ظاہر کی کہ انکے ملک میں جمہوریت بہت جلد بحال ہوجائے گی۔ محترمہ بھٹو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی سے جلد ہی وہ اپنے ملک دوبارہ واپس جا سکیں گی اور اس سلسلے میں انکے شوہر آصف زرداری اس ماہ کی سولہ تاریخ کو صدر مشرف کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں محترمہ بھٹو نےکہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ میچ اور سفر کے لیے مزید راستوں کے کھلنے سے حالات سازگار کرنے میں مدد ملے گی۔ بینظیر اور انکے شوہر کا یہ دورہ ذاتی نوعیت کا ہے اور اطلاعات کے مطابق ہندوستانی رہنماؤں سے انکی کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔ وہ دونوں اجمیر کی زیارت کے بعد دبئی روانہ ہوجائیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||