بھارت میراج جنگی طیارے خریدے گا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی کابینہ نے ملک کی وزارتِ دفاع کو قطر سے 12 استعمال شدہ فرانسیسی جنگی طیارے میراج 2000 خریدنے کا اختیار دیا ہے۔ یہ 700 ملین ڈالر سے زائد کے دفاعی سازو سامان خریدنے کے پیکیج کا حصہ ہے۔ یہ اقدام امریکہ کے اس اعلان کے بعد کیا گیا کہ وہ بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان کو جنگی طیارے ایف 16 فروخت کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ نے بھارت کو بھی جدید جنگی طیارے فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے جس پر بھارت غور کر رہا ہے۔ وزیر دفاع پرنب مکھرجی کا کہا ہے کہ ان کی وزارت ابھی میراج جنگی طیاروں کی قیمت پر بات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے وزارتِ دفاع کو اور بھی فوجی سازو سامان خریدنے کا اختیار دیا ہے۔ وزارتِ دفاع کو یہ اختیار منگل کو کابینہ کی کمیٹی برائے سلامتی نے دیا ہے۔ مسٹر مکھرجی نے بتایا کہ کمیٹی نے 150 ملین ڈالر سے زائد کی مالیت کے ڈورنئیر طیاروں کو حاصل کرنے اجازت بھی دی ہے اس کے علاوہ 9 گشتی جہاز خریدنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ کمیٹی نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ بھارت نیپال اور بھارت بھوٹان سرحد کی نگرانی کے لئے مسلح افواج کی مزید 20 بٹالینیں بھی بنائی جائیں۔ اس ہفتے کے اوائل میں مسٹر مکھرجی نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید طیاروں کی فروخت کی پیشکش کا خیر مقدم کیا تھا۔ امریکہ نے پہلی مرتبہ ایسی پیشکش کی ہے۔ اطلاع ہے کہ امریکہ نے بھارت کو ایف 16 کے ساتھ ساتھ جدید جنگی طیارے ایف 18 کی فروخت کی بھی پیشکش کی ہے۔ بھارت اپنے فوجی سازو سامان کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے جہاں برسوں سے روسی ساخت کے سامان پر انحصار کیا جارہا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||