عدنان عادل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 |  ان مچھیروں کو ٹرین کے ذریعے کراچی سے لاہور لایا گیا تھا۔ |
پاکستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے ساڑھے پانچ سو سے زیادہ بھارتی مچھیروں کو رہا کرکے آج واہگہ سرحد کے ذریعے بھارت بھیج دیا گیا۔ ان مچھیروں کو ٹرین کے ذریعے کراچی سے لاہور لایا گیا تھا اور پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے انہیں واہگہ پر الوداع کیا۔ حالیہ برسوں میں یہ پاکستان سے ایک ساتھ رہا کیے جانے والے بھارتی قیدیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سے پہلے اس سال جنوری میں دو سو چھیاسٹھ مچھیروں کو کراچی سے لاہور لایا گیا تھا اور پھر واہگہ کے ذریعے بھارت روانہ کیا گیا تھا۔ سترہ مارچ کو بھارتی پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھ بھی بھارت واپس جاتے ہوئے اپنے ساتھ تئیس بھارتی قیدی لے کر گئے تھے۔ یہ قیدی پنجاب کی جیلوں میں بند تھے اور ایران کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کی درخواست پر ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ |