پٹنہ کی خدا بخش لائبریری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پٹنہ کی عالمی شہرت یافتہ خدا بخش لائبریری کا ایک وفد تین سے سات مارچ تک منعقد ہونے والے بین الاقوامی کتاب میلےمیں شرکت کے لیے اپنے تین سومطبوعات اور کئی نادر مخطوطات کی فوٹو کاپیوں کے ساتھ لاہور پہنچ رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ خدا بخش لائبریری کا کوئی وفد پاکستان جا رہا ہے۔ لائبریری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امتیاز احمد اس قدم کو پاک بھارت تعلقات میں بہتری کی بہترین مثال مانتے ہیں۔ ڈاکٹر امتیاز کہتے ہیں کہ لائبریری کو تعارف کی بہت ضرورت تو نہیں۔ اب ہماری کوشش رابطوں کا سلسلہ قائم کرنا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کا ایک مشترکہ ورثہ ہے اور یہ اس علمی ورثے کے تبادلہ کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔ وہ پوچھتے ہیں کہ جب ہم دوسرے ملکوں سے ثقافتی لین دین کرتے ہیں تو فیڈریشن آف انڈین پبلشرز اور پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کی مشترکہ کوششوں سے منعقد ہو نے والے اس کتاب میلےمیں بھارت سے قریب 35 ناشرین حصہ لے رہے ہیں۔ لاہور کے علمی حلقے کو لائبریری میں دستیاب ریسرچ سہولیات کی معلومات بھی مل سکیں گی۔ پاکستان کے کئی محقق لائبریری کی سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔ پاکستان پہنچنے والی پانچ سو مطبوعات میں سے زیادہ تر کا تعلق اسلامی علوم عربی و فارسی، ادب اور تحریک آزادی سے ہے لیکن کئی کتابیں بانئ پاکستان محمد علی جناح اور پاکستان سے متعلق بھی ہیں۔ معروف مصنف ابو سلمان شاہجہاں پوری کی مولانا ابوالکلام آزاد پر لکھی کتاب بھی لائبریری نے شائع کی ہے ۔اس کے علاوہ اشفاق اللہ خاں شہید پر کتاب ان مطبوعات میں شامل ہے۔
سو سال سے زیادہ قدیم اس لائبریری کی جدیدیت کا کام بہت تیزی سے چل رہا ہے۔ اس سلسلے میں نادر مخطوطات کے ڈیجیٹل کنزرویشن کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ لائبریری کے پاس 21 ہزار عربی، فارسی اور اردو کے مخطوطات ہیں۔ ان میں بعض کئی صدی قدیم ہیں اور چند تو ایسے بھی ہیں جن کا دوسرا نسخہ نہیں۔ لائبریری کے پاس تقریباً ڈھائی لاکھ کتابیں ہیں جن میں عربی، فارسی، اردو اور انگریزی کے علاوہ ہندی، جرمن، فرانسیسی، پنجابی، جاپانی اور روسی زبان کی کتابیں شامل ہیں۔ خدا بخش لائبریری میں بادشاہ شاہجہاں کے ذریعہ مصدقہ اکبر کے زمانے کی تاریخ خاندان تیموریہ کی واحد کاپی بھی موجود ہے۔ اس میں 133 تصاویر بھی ہیں۔ اسی طرح فیروز شاہ سے متعلق سیرت فیروزشاہی، حسینی کا پادشاہ نامہ، زواہری کی کتاب التصریف اور مرقعہ ملوک جیسی کتابیں لائبریری میں دستیاب ہیں۔ لائبریری مطالعات اسلامی، عربی، اردو اور فارسی زبان، مذاہب کے تقابلی مطالعہ، طب، تصوف، عہد وسطیٰ کی تاریخ اور تحریک آزادی ہند سے متعلق ریسرچ کے لیے خدا بخش ایوارڈ بھی دیتی ہے۔ لائبریری کے آرکائیول سیکشن کے پاس آڈیو، ویڈیو کا اچھا کلیکشن ہے۔ لائبریری کی اپنی ایک ویب سائٹ بھی ہے جس سےلائبریری کی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||