’لگتا ہے ہیما کو ہم سے محبت ہوگئی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ ہیما مالنی کو لالو پرساد یادو سے ’محبت‘ ہو گئی ہے۔ یہ بات بہار میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران اخباری سرخیوں میں شائع ہو رہی ہے اور عام لوگوں کی دلچسپی کا باعث بن گئی ہے۔ ہیما مالنی، بی جے پی کی ’ایم پی‘ ہیں اور اس وقت ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں میدان میں اتری ہیں۔ ہیما سے جب صحافیوں نے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ لالو کی ’فین‘ یعنی مداح ہیں اور ان کے انٹرویو ٹیلی ویژن پر دیکھتی ہیں۔ ان کے خیال میں لالو بہت اچھا بولتے ہیں۔ لالو کو جب یہ بات بتائی گئی تو انہوں نے برجستہ کہا ’لگتا ہے کہ ہیما کو ہم سے محبت ہو گئی ہے۔‘ اپنی حاضر جوابی اور دلچسپ انداز کے لیے مشہور لالو ظاہر ہے بات یہیں ختم کرنے والے نہیں ہیں۔ اب وہ تقریباً اپنے ہر خطاب میں اس بات کا تذکرہ کر رہے ہیں۔ لالو نے اپنے انداز میں یہ بھی کہا کہ ہیما ان کی ’فین‘ ہیں تو وہ انکے ’ایئرکنڈیشن‘ ہیں۔ ہیما مالنی کا خیال ہے کہ لالو کو فلموں میں کام کرنا چاہیے۔ حال ہی میں لالو نے سنیل شیٹی کے ساتھ ’پدم شری لالو پرساد‘ نامی ایک فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس فلم پر فی الوقت انتخابی کمیشن نے پابندی لگا رکھی ہے۔ لالو اپنی تقریروں میں یہ کہنا نہیں بھولتے کہ ان کی فلم ووٹنگ ختم ہونے کے بعد دکھائی جائے گی۔ اس فلم کا میں لالو پرساد یادو نے بھی چھوٹا سا کردار ادا کیا ہے۔ لالو جسے ہیما کا اظہار محبت سمجھ رہے ہیں وہ بہت پائیدار نہیں لگتی کیوں کہ فین ہونے کے باوجود ہیما اس وقت ان کے خلاف مہم چلا رہی ہیں۔ ہیما کا کہنا ہے کہ لالو نے بہار کو سو سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کی خواہش یہاں فلم انڈسٹری شروع کرنے کی ہے لیکن لالو کے رہتے پریتی زنٹا یا رانی مکھرجی کو اغوا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی فلم ’شعلے‘ کے اپنے مشہور کردار ’بسنتی‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بہار کے لوگ بسنتی کو بسنتی کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں تو این ڈی اے کی حکومت بنائیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||