 |  سری نگر میں گزشتہ ہفتے ایک جھڑپ میں ایک سرکاری عمارت جل گئی تھی |
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندوں سے جھڑپ کے دوران ایک فوجی افسر سمیت تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق علیحدگی پسندوں اور سکیورٹی فورسز میں یہ جھڑپ ریاست کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ہوئی۔ سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کے علیحدگی پسند ایک گھر میں چھپے ہوئے ہیں۔ اس اطلاع پر انہوں نے گھر کا محاصرہ کر لیا جس پر شدت پسندوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا دعویٰ ہے ان علیحدگی پسندوں کا تعلق کلعدم تنظیم لشکر طیبہ سے تھا۔ کشمیر میں علیحدگی پسند انیس سو نواسی سے مسلح جدوجہد میں مصروف ہیں جس میں ایک اندازے کے مطابق چالیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ |