جسمانی ضرورت پر ضمانت رد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گجرات کی ایک عدالت نے گودھرا ریل واقعہ کے ایک ملزم کو جسمانی ضرورت کے لیے ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ فیروز خان نام کے اس ملزم نے عدالت سے یہ کہتے ہوئے ضمانت کی اپیل کی تھی کہ اپنی بیوی کے ساتھ جسمانی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے اسے اور اس کی بیوی کو ذہنی اذیت جھیلنی پڑ رہی ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کی تفصیل بتاتے ہوئے اس کیس میں سرکاری وکیل کے معاون نے بی بی سی کو بتایا کہ عدالت کا کہنا تھا کہ فیروز نے جس بنیاد پر ضمانت طلب کی ہے اس طرح کا کوئی قانون موجود ہی نہیں ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی جج نے یہ بھی کہا کہ فیروز کے نہ تو آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کی۔ اس کیس میں فیروز نے عدالت سے انسانی حقوق کی بنیاد پر غور کرنے کی اپیل کی تھی۔ فروری 2002 میں گودھرا میں ایک ٹرین کو آگ لگانے کے سلسلے میں99 افراد کو گرفتار کیا گیا تھاجن میں فیروز بھی شامل ہے۔ مرکزی حکومت نے ٹرین کو آگ لگانے کے اس واقعہ کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اور یہ ذمہ داری ایک ریٹائرڈ جج یو سی بینرجی کو سونپی گئی ہے جو تین ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||