سونیا پارلیمانی پارٹی کی رہنما | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کانگریس پارٹی نے سونیا گاندھی کو لوک سبھا میں کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کا رہنما منتخب کر لیا ہے جس کے بعد وہ ہندوستان کی آئندہ وزیراعظم منتخب ہونے کے قریب تر ہو گئی ہیں۔ کانگریس کے نومنتخب ارکانِ لوک سبھا نے پارلیمان کے مرکزی ہال میں سونیا گاندھی کو متفقہ طور پر پارلیمانی پارٹی کا رہنما منتخب کیا جس کا اعلان ان کی غیر موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر ارکان نے پرجوش انداز میں ڈیسک بجا کر سونیا گاندھی کے رہنما منتخب کئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء کانگریس کے رہنما نئی حکومت میں اپنے ممکنہ حلیفوں سے حکومت بنانے کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔ جمعہ کو سونیا گاندھی نے انتخابات کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’جہاں تک وزیر اعظم بننے کا معاملہ ہے تو یہ فیصلہ پارلیمان کے ارکان کریں گے‘۔ ان کی جماعت کے زیادہ تر ارکان کا خیال ہے کہ اپنے خاوند، ان کی ماں اور نانا کے بعد وہ باآسانی ملک کی وزیراعظم منتخب ہو سکتی ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے اطالوی پس منظر کی وجہ سے کانگریس کو انتخابات میں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ہندو قوم پرستوں اور کانگریس کے کچھ اتحادیوں کا خیال ہے کہ سونیا گاندھی غیر مُلکی پس منظر کی وجہ سے ملک کی نئی قائد کے طور پر نا قابل قبول ہوں گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||