انڈین الیکشن: پاکستانیوں کی دلچسپی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان بننے کے بعد شاید یہ پہلا موقعہ ہے کہ ہندوستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں پاکستان کی سرکاری اور نجی، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ سیاسی حلقوں میں بھی خاصی دلچسپی پائی جاتی ہے۔ حکومت پاکستان بھی اس بار نرم رویہ اختیار کئے ہوئے ہے البتہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات کرائے جانے کے بارے میں پاکستان اپنے روایتی موقف پر قائم ہے۔ حکومت پاکستان کے اس رویے کے سبب ہی پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پر بھارت مخالف خبریں کم ہی سننے کو ملتی ہیں۔ نہ صرف یہ بلکہ بھارتی انتخابات کے اب تک ہونے والے دو مراحل کی خبریں، ان پر تجزیے اور تبصرے بھی نشر ہوئے ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ چند برسوں سے نجی ٹیلی ویژن چینل شروع ہونے کے بعد لوگوں کو بھارت کے متعلق اضافی معلومات بھی ملنا شروع ہوگئی جس کی ایک وجہ نجی ٹی وی چینلز پر اس ضمن میں زیادہ کوریج بھی ہو سکتی ہے۔ پاکستان سے شائع ہونے والے اکثر انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں کے اخبارات میں بھی بھارتی انتخابات کی کوریج ماضی کی نسبت کچھ زیادہ ہی دکھائی دیتی ہے۔ سیاسی تجزیہ نگار ظفراللہ خان سے جب اس تبدیلی کے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ معلومات کی فراہمی اتنی زیادہ ہے کہ اب ریاستی اداروں کے لئے تفصیلات چھپانا مشکل ہوگیا ہے اور ان کے بقول اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دونوں ممالک کی ’بھارت سے نفرت‘ اور ’پاکستان سے نفرت‘ کی پالیسی میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے۔ تجزیہ نگار ظفراللہ خان کا خیال ہے کہ ذرائع ابلاغ کی ترقی خصوصاً نجی ٹی وی چینلز کے آنے سے دونوں ممالک کے عوام میں غلط فہمیاں دور ہو جائیں گی اور آگے چل کر یہ عمل متعلقہ حکومتوں پر عوامی دباؤ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان کا کہنا ہے کہ ان کے لئے خوشی کی بات یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلی بار پاکستان سے امن کے نام پر ووٹ مانگے ہیں ورنہ پہلے یہ جماعت پاکستان سے جنگ کے نام پر ووٹ مانگتی رہی ہے۔ پاکستان میں عام تاثر یہ ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے دونوں ممالک کے اداکار، گلوکار، پارلیمنٹیرین، سول تنظیموں کے نمائندوں اور صحافیوں کے وفود کے تبادلوں اور آنے جانے سے ایک حد تک ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھنے کا موقعہ ملا ہے اور دونوں جانب کے لوگوں میں مخالفت برائے مخالفت کا رویہ تبدیل ہوا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||