الیکشن میں اداکاروں کی حمایت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں جاری حالیہ انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتیں ملک بھر کے مشہور فلمی ستاروں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ جنوبی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے مشہور فلمی اداکار رجنی کانت کو، جو ابھی تک کسی پارٹی کے ساتھ شامل نہیں ہوئے ہیں، مداحوں کی بہت بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے اس لئے توقع ہے کہ ان کا کسی جماعت سے الحاق اس پارٹی کے لئے خاصے بڑے فرق کا سبب ہو گا۔ رجنی کانت نے ابھی کسی جماعت کی حمایت میں لب کشائی نہیں کی ہے لیکن ان کے حامیوں کی طرف سے حزب اختلاف ’پی ایم کے‘ کے امیدواروں کی مخالفت کا فیصلہ مخلوط حزب اختلاف کے لئے باعثِ مایوسی ہے۔ بھارت کی وہ جنوبی ریاست جہاں اب تین مشہور اداکار وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں وہاں رجنی کانت کا سیاست میں آنا بعید از قیاس نہیں ہے۔ البتہ ان کی طرف سے ابھی کوئی بیان سننے میں نہیں آیا ہے۔ تامل ناڈو میں تمام سیاسی جماعتوں کی خواہش ہے کہ انہیں رجنی کانت کی حمایت حاصل ہو جائے۔ انیس سو چھیانوے کے انتخابات میں رجنی کانت کی طرف سے حکمران جماعت ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ اور اس کی قائد جئےللیتا کی مخالفت اس پارٹی کی ریاستی انتخابات میں ناکامی کا سبب بنی تھی۔ تاہم رجنی کانت کی طرف سے حکمراں جماعت ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ کی مخالفت بدستور قائم ہے البتہ ان کے مداحوں کے بعض گروہوں نے مقامی پارٹی ’پی ایم کے‘ کی کھلے عام مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے بقول یہ صورت حال ’اے آئی اے ڈی ایم کے‘ کے امیدواروں کی کم از کم تین حلقوں میں کامیابی کا سبب بن سکتی ہے۔ رجنی کانت کے مداحوں کی طرف سے ’پی ایم کے‘ کی مخالفت کی وجہ مداحوں کے بقول یہ ہے کہ چند برس قبل پارٹی کے لیڈر رام داس نے رجنی کانت کی نئی فلم پر انہیں انتہائی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ رجنی کانت نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ مداحوں کے مطابق رجنی کانت کی شراب اور سگریٹ نوشی کی عادات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ’پی ایم کے‘ کے حامیوں نے اس فلم کے خلاف مہم چلائی تھی جس کے نتیجے میں یہ فلم بہت سے سنیما گھروں میں نمائش کے لئے پیش نہیں کی جا سکی تھی۔ نہ صرف یہ بلکہ ’پی ایم کے‘ کے بعض حامیوں نے تو سنیما گھروں سے فلم کے رول چھین کر انہیں تباہ کر ڈالا تھا۔ اس صورت حال کے باعث یہ فلم بری طرح فلاپ ہو گئی تھی۔ رجنی کانت کی کسی بھی فلم کے ساتھ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||