
تھرور نے سنندا پشکر سے شادی کر لی تھی
بھارت میں انسانی وسائل کے وزیر مملکت ششی تھرور نے اپنی اہلیہ کے متعلق گجرات کے وزیر اعلٰی نریندر مودی کے بیان کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ان کی اہلیہ انمول ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پہلے کسی سے محبت کریں تبھی انھیں اس بات کا اندازہ ہو سکےگا۔
گزشتہ روز ہماچل پردیش کے اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئےگجرات کے وزیر اعلٰی نریندر مودی نے کابینہ میں شامل کیےگئے نئے وزیر ششی تھرور پر نکتہ چینی کی تھی۔
مسٹر مودی نے ششی تھرور پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے ان کی اہلیہ سنندا پشکر کو پچاس کروڑ روپے کی گرل فرینڈ بتایا تھا۔
ریلی سے خطاب میں انہوں نے کہا تھا: ’واہ، کیا گرل فرینڈ ہے۔ آپ نے کبھی دیکھی ہے پچاس کروڑ کی گرل فرینڈ؟‘
ششی تھرور نے اس کے جواب میں ٹوئٹر پر لکھا ’میری اہلیہ کی قیمت آپ کے خیالی پچاس کروڑ سے کہیں زیادہ ہے۔ وہ انمول ہیں۔ لیکن یہ سمجھنے کے لیے آپ کو کسی پیار کرنا پڑیگا۔‘
"میری اہلیہ کی قیمت آپ کے خیالی پچاس کروڑ سے کہیں زیادہ ہے۔ وہ انمول ہیں۔ لیکن یہ سمجھنے کے لیے آپ کو کسی پیار کرنا پڑیگا۔"
ششی تھرور پہلے بھی خارجہ امور کے وزیر مملکت تھے لیکن جب ان پر یہ الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اپنی گرل فرینڈ کو فائدہ پہنچانے کے لیے اثر و رسوخ کا استعمال کیا ہے تو انھوں نے استعفی دے دیا تھا۔
ان پر الزام تھا کہ سنندا پشکر آئی پی ایل میں کوچی کی ٹیم کی پرموٹر تھیں اور ششی نے انھیں ٹیم کے حصص دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بعد میں ششی تھرور نے سنندا پشکر سے شادی کر لی تھی۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے اتوار کو جب کابینہ میں توسیع کی تو انہیں دوبارہ وزیر بنا دیا گیا۔
نریندر مودی نے اس معاملے کو حکومت پر تنقید کے لیے اٹھایا تھا لیکن کانگریس نے بھی اس سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔






























