ششی تھرور اور للت مودی کی جنگ
ہندوستان کی وزارتِ خارجہ میں جونئیر وزیر ششی تھرور اور انڈئین پریمئر لیگ کے کمیشنر للت مودی کے درمیان آئی پی ایل کی نئی کوچی کی ٹیم کی فرنچائز کے سلسلے ميں تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔

پیر کو للت مودی نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوٹر پر کوچی کے ٹیم کو خریدنے والوں کے نام شائع کر دیے تھے۔ کوچی کی ٹیم کو خریدینے والوں میں کشن شیلندر، اور پشپا گائکواڑ، سونندا پشکر، پوجہ گولاٹی، جینت کوٹال ور، وشنو پرساد اور سندیپ اگروال شامل ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سونندا پشکر ششی تھرور کی قریبی دوست ہیں۔ اس کے علاوہ للت مودی نے ٹوٹر پر یہ بھی لکھا ہے کہ ایک بڑی شخصیت نے ان سے ٹیم کو خریدنے والوں کے نام ظاہر نہ کرنے کو کہا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مسٹر مودی کی اشارہ ششی تھرور کی طرف ہے۔
کوچی کی ٹیم کو پندرہ سو تیتیس کروڑ روپے میں روندیوؤ سپورٹس نامی کمپنی نے خریدا تھا۔
منگل کو ششی تھرور نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس بات سے انکار کیا کہ انہوں نے للت مودی کو فون کر کے ٹیم کے حصےداروں کے نام ظاہر نہ کرنے کی بات کہی تھی۔
انہوں نے اس بات پر بھی افسوس ظاہر کیا کہ ان کی نجی زندگی کو اس پورے معاملے میں شامل کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کیرالہ کے کوچی شہر کو آئی پی ایل میں مقام حاصل ہونے پر انہیں اس لیے خوشی ہوئی تھی کیونکہ وہ پارلیمان میں کیرالہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔



