ششی تھرور اور سنندا پشکر کی شادی

ششی تھرور اور سنندا پشکر کی شادی کی تصویر
،تصویر کا کیپشنششی تھرور اور سنندا پشکر

بھارت کے سابق جونئیر وزیر خارجہ ششی تھرور نے اپنی دوست سنندا پشکر سے شادی کرلی ہے۔

سنندا پشکر کا نام منظر عام پر آئی پی ایل سے متعلق تنازع کے بعد آیا۔

ششی تھرور نائب وزیر خارجہ کے عہدے سے اس وقت مستفی ہوگئے تھے جب کیرالا کے شہر کوچی کے نام سے منسوب آئی پی ایل کی ایک نئی ٹیم سے ششی تھرور کی وابستگی شک و شبہہ کے دائرے میں آگئی تھی۔ یہ الزام لگایاگیا تھا کہ اس ٹیم کے حق میں اثر و رسوخ استعمال کرنے کے عوض اس ٹیم میں ششی تھرور کی دوست سنندا پشکر کو ستر کروڑ روپے کے شیئر دیے گئے تھے۔اس وقت یہ الزام کگایا گیا کہ سنندا پشکر دراصل تھرور کی ’پراکسی‘ ہیں یا ان کی جانب سے کام کر رہی ہیں۔

ششی تھرور اور سنندا پشکر کی شادی تھرور کے جنوبی ہندوستان میں واقع آبائی گھر پالکاڈ میں ہوئی ہے‎۔

54 سالہ ششی تھرور اقوام متحد ہ میں انڈر سیکریٹری جنرل اور ہندوستان کے جونئیر وزین خارجہ رہ چکے ہیں۔

شادی کے موقع پر تھرور اور سنندا کے قریبی رشتے دار اور دوست موجود تھے۔

ششی تھرور کی یہ تیسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی تلوتما مکھرجی سے اور دوسری شادی کینیڈا کی کرسٹا جائلز سے ہوئی تھی۔

سنندا پشکر کی بھی یہ تیسری شادی ہے۔ سنندا کی پہلی شادی کیرالا کے ایک صنعت کار سجیت مینن سے ہوئی جن کی ایک سڑک حادثے میں موت ہوگئی تھی۔

شادی میں ذرائع ابلاغ کو دعوت نہيں دی گئی تھی۔ ششی تھرور کا کہنا تھا کہ یہ انکی شادی ہے اور ’یہاں ساؤنڈ بائیٹ‘ کی ضرورت نہیں ہے۔

ششی تھرور نہ صرف ایک سفارتکار ہیں بلکہ وہ ایک ادیب بھی ہیں۔ ان کی 1989 میں شائع ہونے والی کتاب ’دا گریٹ انڈین ناول‘ خاصی مشہور ہے اور ان کا ناول ’شو بزنس‘ پر ’بالی وڈ‘ نامی ایک فلم بنی تھی۔ مرحوم ہدایت کار اسمائیل مرچنٹ نے اپنی زندگی میں اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ تھرور کے ناول’ رائٹ‘ پر وہ ایک فلم بنانا چاہتے ہیں۔

تھرور ایک نامور کالمنسٹ کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں اور انکے لکھے ہوئے مضمون ملکی اور بیرون ملک کے جریدے اور اخبارات میں شا‏ئع ہوتے رہے ہیں۔