سریش کلماڈی کو ضمانت مل گئی

سریش کلماڈی کو نو ماہ بعد ضمانت ملی ہے

،تصویر کا ذریعہn

،تصویر کا کیپشنسریش کلماڈی کو نو ماہ بعد ضمانت ملی ہے

بھارت میں عدالت نے دولت مشترکہ کھیلوں کی منتظم کمیٹی کے سابق سربراہ سریش کلماڈی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

دلّی میں قید سریش کلماڈی پر دولت مشترکہ کھیلوں میں بدعنوانی کا الزام ہے اور دلی ہائی کورٹ نے انہیں تقریباً نو ماہ بعد ضمانت دی ہے۔

عدالت نے منتظم کمیٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل وی کے ورما کی بھی ضمانت منظور کر لی ہے، وہ بھی اسی کیس میں کلماڈی کی طرح ملزم ہیں۔

ان دونوں افراد کے علاوہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ملوث دیگر اہلکاروں پر بھی بدعنوانی کے مقدمات ہیں جس میں سے کئی ایک دلی کی تہاڑ جیل میں قید اپنی ضمانت کے منتظر ہیں۔

ہائی کورٹ کی جج مکتا گپتا نے دونوں افراد کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے پر ضمانت دی ہے۔ اپنے فیصلے میں جج نے کہا ’ایسا نہیں ہے کہ عرضی گزار انصاف سے فرار ہوجائیں گے اور مقدمہ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے‘۔

عدالت نے دونوں افراد سے کہا ہے کہ وہ بغیر عدالت کی اجازت کے ملک سے باہر نہیں جا سکتے اور اس کے لیے انہیں عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔

سریش کلماڈی کو مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے پچیس اپریل دو ہزار گيارہ کو جبکہ وی کے ورما کو تیئس فروی کو دلی سے گرفتار کیا تھا۔

گرفتاری سے پہلے سی بی آئی نے ان کے کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے تھے۔

ذیلی عدالت نے ان افراد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی لیکن ٹو جی سپیکٹرم کے ملزمان کو ضمانت ملنے کے بعد کلماڈی نے ہائی کورٹ سے اپیل کیا تھا۔

دولت مشترکہ کھیل اکتوبر دو ہزار دس میں ہوئے تھے اور بعض تخمینوں کے مطابق گیمز کے انعقاد پر تقریباً ستر ہزار کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے۔ تب سے ہی بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور بےضابطگیوں کے الزامات گردش کر رہے تھے۔

ان الزامات کی تفیش کرنے والی شنگلو کمیٹی نے سرکردہ سیاستدانوں اور سرکاری اداروں کے کردار پر انگلی اٹھائی تھی جن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ حزب اختلاف کی جانب سے مسلسل کیا جا رہا ہے۔