سائرس مستری رتن ٹاٹا کے جانشین مقرر

سائرس مستری کی عمر تینتالیس برس ہے
،تصویر کا کیپشنسائرس مستری کی عمر تینتالیس برس ہے

بھارت کے معروف کارپوریٹ گروپ ٹاٹا نے اعلان کیا ہے کہ صنعت کار رتن ٹاٹا کے اگلے برس سبکدوش ہونے کے بعد سائرس مستری اس گروپ کے نئے چیئرمین ہونگے۔

رتن ٹاٹا کی جانشینی کے حوالے سےگزشتہ ایک برس سے قیاس آرئیاں جاری تھیں جو اس اعلان کے بعد اب ختم ہوگئي ہیں۔

یہ پہلی بار ہوا ہے کہ گروپ کا چیئرمین ٹاٹا خاندان کے باہر کسی اور شخص کو بنایا گيا ہو۔

ٹاٹا سنز کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گيا ہے ’ٹاٹا سنز نے اپنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں سائرس مستری کو نائب چیئرمین مقرر کیا ہے۔ وہ آئندہ برس تک رتن ٹاٹا کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور دسمبر دو ہزار بارہ میں ان کے سبکدوش ہونے کے بعد وہ ان کا عہدہ سنبھالیں گے‘۔

اس فیصلے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے خود رتن ٹاٹا نے کہا ’سائرس مستری کو ٹاٹا سنز کا نائب چيئرمین بنانے کا فیصلہ درست اور بصیرت افروز ہے۔ وہ ٹاٹا سنز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سنہ دو ہزار چھ سے شامل رہے ہیں اور اپنی قابلیت و صلاحیت کا بہترین مظاہرہ کیا ہے‘۔

سائرس مستری کی عمر تینتالیس برس ہے اور وہ ٹاٹا سنز میں انفرادی طور پر سب سے زیادہ شیئرز رکھنے والے صنعت کار پلّن جی مستری کے صاحبزادے ہیں۔

ٹاٹا سنز میں ان کی حصےداری اٹھارہ فیصد ہے۔ مستری نے لندن کے امپیرئل کالج اور لندن بزنس سکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔

سائرس مستری نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس تقرری سے میری عزت افزائی ہوئی ہے۔ میں جانتا ہوں مجھے ایک ایسی بڑی ذمہ داری دی جارہی ہے جس کی اپنی ایک تاریخ رہی ہے‘۔

ایک برس قبل رتن ٹاٹا کے جانشین کی تقرری کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے مستری کو اتفاق رائے سے منتخب کیا ہے۔

ٹاٹا کمپنی بھارت میں موٹر، کاریں، چائے، ہوٹلز اور سٹیل کے شعبہ میں اچھی پہچان رکھتی ہے اور جیگوار، لینڈ روؤر جیسی گاڑیاں بناتی ہے۔

اس طرح کی قیاس آرائیاں تھیں کی روایتی طور پر ٹاٹا گروپ خاندان کے ہی کسی شخص کو چیئرمین کا عہدہ سونپے گی لیکن سائرس مستری کا ٹاٹا خاندان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔