سلم ڈاگ اداکارہ سوانح عمری لکھیں گی

بہترین فلم کا آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی نو سالہ چائلڈ اداکارہ روبینہ جلد ہی اپنی سوانح عمری شائع کرنے جا رہی ہے۔
ہالی ووڈ کے ہدایتکار ڈینی بوئل نے اپنی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کے لیے ممبئی کا انتخاب ممبئی کی ایک کچی بستی کی وجہ سے سے کیا تھا۔ ممبئی کی کچی بستی میں رہنے والوں کی زندگی پر مبنی یہ فلم بے حد مقبول ہوئی اور اس فلم کو بعد میں آسکر کے کئی اعزازات حاصل ہوئے۔
روبینہ کی سوانح عمری برطانیہ کی ایک کمپنی ٹرانسولڈ کی جانب سے شائع کی جائے گی۔ اس میں ان کی جھونپڑی میں زندگی سے لے کر بین الاقوامی مقبولیت کے سفر کا خاکہ پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب روبینہ اور ان کے مزید دو ساتھی اداکار ایک ریالٹی ٹی وی شو میں حصہ لینے کے لیے ہانک گانگ پہنچے ہیں۔ وہاں اس شو میں شرکت کرنے کے بعد ان تینوں نے ایک شاپنگ سنٹر میں بالی ووڈ کے ایک ڈانسگ گروپ کے ساتھ پرفارم بھی کیا۔
کمیونٹی چیسٹ چیریٹی کے مطابق وہ بچوں کو ایک عالی شان ہوٹل ميں ٹھہرانے کے لیے پیسے دے رہی ہیں لیکن خود بچوں کو بہت معمولی رقم دی جائے گی۔
سوال و جواب کے دوران ایوش اور اظہر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکاری جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ان دونوں بچوں کو بھی جھونپڑی سے ہی فلم میں کام کرنے کے لیے چنا گیا تھا۔
اداکاری کا کوئی تجربہ نہ رکھنے والے ان بچوں کو فلم میں کام کرنے کا موقع دیے جانے پر فلم سازوں کی کافی نکتہ چینی کی گئی۔
لیکن ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کے فلم سازوں نے ان بچوں کی تعلیم کے لیے ایک ٹرسٹ تشکیل دیا ہے اور اس کے علاوہ ہندوستان کی حکومت کی جانب سے ان بچوں کو رہائش فراہم کرنے کے عمل ميں مدد کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امید کی جا رہی ہے کہ روبینہ کی کتاب جولائی تک ریلیز ہو گی اور اس کتاب کی رایلٹی نو سالہ بچی اور فرانس کی امدادی تنظیم مڈیسن دا مونڈے کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔







