سلم ڈاگ اداکار روبینہ کا گھر منہدم

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
آٹھ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ' سلم ڈاگ ملینئیر ' کے ایک اور چائلڈ اداکارہ روبینہ قریشی کا گھر آج ریلوے انتظامیہ نے منہدم کر دیا ہے۔
روبینہ نے فلم میں ہیروئین لتیکا کے بچپن کا کردار نبھایا تھا۔ایک ہفتہ قبل ہی چائلڈ اداکار اظہرالدین کے گھر پر میونسپل انتظامیہ کا بلڈوزر چلا تھا۔
روبینہ قریشی کا گھر غریب نگر کچی بستی میں تھا۔یہ بستی باندرہ ریلوے سٹیشن کی پٹریون کے قریب بسی تھی اور ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ان کی زمین ہے جس پر لوگوں نے غیر قانونی طور پر جھوپڑے بنائے تھے۔
روبینہ کے مطابق صبح گیارہ بجے کے قریب بہت سارے لوگ آئے تھے لیکن وہ اس وقت گھر پر نہیں تھی جب واپس آئی تو لوگ ان کا گھر توڑ رہے تھے۔روبینہ کو یقین ہی نہیں آرہا ہے کہ ان کا گھر پولیس توڑ بھی سکتی ہے۔
روبینہ کے والد رفیق قریشی نے احتجاج کیا جس کی وجہ سے انہیں پولیس کے ڈنڈے بھی کھانے پڑے۔زخمی حالت میں انہیں مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔
روبینہ کی والدہ منی قریشی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس راشن کارڈ اور بجلی کا بل بھی ہے اس لیے وہ یہاں کے قانونی باشندے ہیں لیکن ریلوے انتظامیہ کا دعوی ہے کہ یہ ان کی اپنی زمین ہے اور اس پر ان لوگوں نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔
ریلوے انتظامیہ نے روبینہ سمیت وہاں کے تقریبا پچیس گھر منہدم کر دیے۔اس سے قبل بھی ریلوے نے یہاں کی زمین پر بسے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کے لیے ایک طویل قانونی لڑائی لڑی تھی جس کے بعد یہاں کے جھوپڑوں کو منہدم کیا گیا تھا۔

فلم سلم ڈاگ ملینئیر' میں چائلڈ اداکار کے طور پر آیوش کھڈیکر نے بھی کام کیا تھا اس نے فلم کے ہیرو جمال کے بچپن کا رول کیا تھا لیکن آیویش ایک متوسط طبقے کا رہنے والا ہے اور کچھ دن پہلے وہ کانز فلم فیسٹیول میں ہالی وڈ اداکاراؤں کے ہمراہ ریڈ کارپیٹ پر چل رہا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اظہر اور روبینہ کچی بستی کے رہنے والے بچے ہیں فلم ایسے ہی بچوں کی زندگی پر مبنی ہے جس میں جمال کو کروڑ پتی بنتے دکھایا گیا۔اس فلم نے کئی ملین ڈالر کا بزنس کیا لیکن آج اس فلم کے چائلڈ اداکار اسی غربت میں کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں۔
اظہر کی والدہ شمیم اور روبینہ کی والدہ منی کا کہنا ہے کہ اگر فلم کمپنی انہیں ان کے بچوں کو سر چھپانے کے لیے ایک چھوٹا سا مکان دلا دیتی تو آج ان کے بچے یوں کھلے آسمان کے نیچے تپتی دھوپ میں زندگی نہیں گزارتے۔اب انہیں چند دنوں میں آنے والی بارش کا خطرہ ستا رہا ہے۔
فلم سلم ڈاگ ملنیئر فوکس فلم کمپنی نے بنائی تھی جس کی ہدایت برطانوی ہدایت کار ڈینی بوئل نے دی تھی۔







