BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 29 April, 2007, 09:38 GMT 14:38 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’ کون بنےگا کروڑ پتی‘پھر تنازعہ میں

شاہ رخ خان
’عام آدمی فون پر فون کر کے اپنے ہزاروں روپیہ گنواتا رہا‘
ہندوستان کی عدالت نے ٹی وی چینل سٹار پلس کے مشہور شو ’ کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

دہلی کی عدالت میں انوج کمار بھٹی نے مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کی ہے جس میں انہوں نے شکایت کی ہے کہ اس شو میں کئی گھپلے ہیں اور سوال اٹھایا ہے کہ شو میں فلمی ستارے کس طرح بڑی بڑی رقمیں جیت لیتے ہیں جبکہ عام آدمی کے لیے اس شو میں شامل ہونا بھی مشکل ہے۔

جسٹس وکرم جیت سین اور جسٹس جے پی سنگھ کی ڈویژن بینچ نے درخواست کی سماعت کے دوران مونوپولوسٹک رائٹس اینڈ ریسٹریکٹیو ٹریڈ پریکٹسیز کمیشن ( ایم آر ٹی پی سی ) کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کی جانچ کریں کہ کیا واقعی اس شو میں کسی طرح کا فراڈ ہوا ہے یا غلط طریقہ اپنایا گیا ہے۔کمیشن اپنی رپورٹ آٹھ مئی کو عدالت میں پیش کرے گی۔

بھٹی نے عدالت کے سامنے جو الزامات عائد کیے ہیں اس کے مطابق اس شو میں حصہ لینے کے لیے ایک عام آدمی کو ہزاروں روپیہ صرف فون کرنے یا موبائیل کے ذریعہ ایس ایم ایس کرنے میں خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ فون کرنے پر انہیں کم سے کم ڈیڑھ ہزار سوالات کے جواب بھی دینے پڑتے ہیں۔

درخواست میں بھٹی نے مزید الزام عائد کیا کہ چینل نے اپنے شو کی تشہیر کے لیے جو اشتہار دیا ہے کہ ’ دو کروڑ روپیہ صرف ایک فون کال کی دوری پر‘ وہ ایک عام آدمی کو غلط طریقہ سے اپنی جانب راغب کرتا ہے۔

بھٹی کا کہنا ہے وہ اس اشتہار سے اس طرح متاثر ہوئے کہ ان کا پورا گھر صرف فون کرنے میں لگ گیا۔ لیکن انہیں اس شو میں حصہ لینے کا موقع تک نہیں ملا۔

بھٹی کے مطابق ان کی طرح ایسے لاکھوں کروڑوں لوگ ہیں جنہوں نے اس اشتہار سے متاثر ہو کر فون کیے ہوں گے اس طرح اس چینل نے کروڑوں روپیہ تو صرف فون اور ایس ایم ایس کے ذریعہ کما لیے اور پھر پروگرام کی مقبولیت کی وجہ سے انہیں پروگرام کے دوران اشتہار بھی ملے۔

بھٹی کے الزامات کے مطابق اس شو میں فلمی ستاروں کو زیادہ اہمیت دی گئی اور شو میں چینل کے اسٹاف نے بھی حصہ لیا جبکہ عام آدمی فون پر فون کر کے اپنے ہزاروں روپیہ گنواتا رہا۔

بھٹی نے پروگرام میں فاسٹیسٹ فرسٹ فنگر مقابلہ پر بھی شک ظاہر کیا۔

امیتابھ بچن
امیتابھ بچن اس شو کے دو سلسلوں کی میزبانی کر چکے ہیں

سٹار پلس کے ترجمان یش کھنہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پروگرام میں کسی طرح کی کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ہے۔ شو کے لیے جتنے بھی اصول و قواعد بنائے گئے تھے ان پر برابر عمل کیا گیا‘ لیکن اس کے بعد انہوں نے مزید کچھ کہنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس لیے وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

کون بنے گا کروڑ پتی کا یہ تیسرا سلسلہ تھا جس کے میزبان بالی وڈ کے نامور سٹار شاہ رخ خان بنےتھے۔شو کا اختتام ہو چکا ہے اور آخری قسط میں بالی وڈ کی ہیروئین کرینہ کپور اور پرینکا چوپڑہ کی جوڑی اور اس کے بعد سلمان خان اور قطرینہ کیف کی جوڑی شریک تھیں۔

ان دونوں جوڑیوں نے شو میں پچاس پچاس لاکھ روپے جیتے اور یہ رقم انہوں نے بطور عطیہ دیے جانے کا اعلان بھی کیا۔

اس سے قبل بھی رانی مکھرجی اور سیف علی خان، ملائکہ اور ارباز خان، فلمساز فرحان اختر اور ان کی بہن زویا اختر، فلمساز کرن جوہر اور فرح خان شو میں شامل ہوئے تھے۔

فلمی ستاروں کے زیادہ رقم جیتنے کے بارے میں شاہ رخ خان نے اسی شو میں کہا تھا کہ چونکہ فلمی ستارے اس شو سے جیتنے والی رقم بطور عطیہ کسی سماجی ادارے کو دیتے ہیں اس لیے ان سے آسان سوال پوچھے جاتے ہیں۔

کون بنے گا کروڑ پتی شو پر بے قاعدگی کا الزام پہلی مرتبہ نہیں عائد ہوا ہے۔اس سے قبل بھی جب امیتابھ بچن اس شو کی میزبانی کر رہے تھے تب الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس شو میں کئی ایم ٹی این ایل کمپنی کے افسران اور ورکرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ ضابطہ کے مطابق وہ اس شو کا حصہ نہیں بن سکتے تھے۔اس پروگرام میں ایسے کئی افراد تھے جو دو مرتبہ شریک ہوئے۔

اسی بارے میں
کون بنےگا کروڑ پتی شو ختم
25 January, 2006 | فن فنکار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد