قصہ فلمی کسنگ کا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نئی فلم دھوم ۔ ٹُو میں ریتک روشن اور ایشوریا کے بوسے کا تنازعہ مسلسل جاری ہے۔ دانائے راز لوگوں کا کہنا ہے کہ فلم کی کامیاب تشہیر کےلئے اس بحث کو جاری رکھنا بے حد مفید ہے۔ فلم بینوں کو یاد ہو گا کہ ڈھائی برس پہلے ایشوریا نے جیمزبانڈ سلسلے کی ایک فلم میں کام کرنے سے معذرت کر لی تھی کیونکہ اس میں کِسنگ کے مناظر تھے اور ایشوریا کروڑوں کی تعداد
میں اپنے دیسی ناظرین کو ناراض نہیں کرنا چاہتی تھی۔ ٰ ٰ برائیڈ اینڈ پریجوڈس ٰ ٰ میں بھی انھوں نے ہیرو کو کِس نہیں کیا اور نہ ہی فلم کی خاتون ڈائریکٹر نے انھیں اس پر مجبور کیا۔ پاک و ہند میں ایک عام تاثر یہ ہے کہ بمبئی کی فلموں میں بوسے بازی پر پابندی ہے اور کبھی کبھار کِسنگ کے جو مناظر دیکھنے میں آجاتے ہیں وہ قانون کی خلاف ورزی کر کے ڈالے جاتے ہیں۔
اس سلسلے میں قانونی پوزیشن یہ ہے کہ 1969 میں ٰ ٰ کھوسلہ کمیٹی رپورٹٰ ٰ کے بعد یہ پابندی عملاً ختم ہو چکی ہے کیونکہ جسٹس کھوسلہ نے قرار دیا تھا کہ کسی منظر کو فحش کہہ کر خارج کر دینا سینسر بورڈ کا کام نہیں کیونکہ کسی منظر میں برہنگی یا بوسے بازی پر اُس وقت تک پابندی نہیں لگائی جاسکتی جب تک عدالت اُس خاص منظر کو فحش قرار نہ دے۔ 37 برس پہلے ہونے والے اس عدالتی فیصلے کے بعد اگرچہ فلم سازوں کو بوسے بازی کے مناظر ڈالنے کی چھوٹ مِل گئی تھی لیکن انھوں نے اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھایا۔
معاشرے کی عمومی قدامت پسندی کے ساتھ ساتھ اسکی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ بائیس برس تک فلمسازوں نے سینسر کی پابندیوں میں کام کیا تھا اور اب وہ خود بھی اسکے بہت عادی ہو چکے تھے: اتنے مانوس صیاّد سے ہو گئے 1947 میں آزادی کے فوراً بعد فلموں میں بوسے بازی کو ممنوع قرار دے دیا گیا تھا، نہ صرف ہندوستانی فلموں میں بلکہ امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے درآمد ہونے والی فلموں میں بھی کِسنگ کے مناظر دکھانے کی اجازت نہیں تھی۔ چنانچہ انگریزی فلموں میں اکثر یہ صورتِ حال پیدا ہوتی کہ ہیرو شدید جذباتی انداز میں اپنے ہونٹ ہیروئن کے ہونٹوں کی طرف لے جاتا لیکن اس سے پہلے کہ ہونٹ اپنی پیاس بجھائیں۔۔۔ ایک جھٹکے سے ان دونوں کے چہرے پیچھے ہٹ جاتے۔ ظاہر ہے کہ یہ جھٹکا سینسر کی قینچی کا پیدا کردہ ہوتاتھا۔
اس صورتِ حال کا موازنہ ضیاالحق دور کی پاکستانی فلموں سے کیا جا سکتا ہے جب شراب نوشی کے مناظر پر پابندی لگا دی گئی تھی لیکن ٰ ٰ پیتے ہوئے نہیں دِکھا سکتےٰ ٰ کی تشریح کچھ یوں کی گئی کہ ہونٹوں سے جام لگا کر مشروب کو حلق میں انڈیلتے نہیں دکھا سکتے۔ چنانچہ جن فلموں کی شوٹنگ اس پابندی سے پہلے ہو چکی تھی ان میں اسطرح کے مناظر عام تھے کہ وِلّن یا اُس کے دوستوں نے جام اٹھا کر منہ کی طرف بڑھایا لیکن لبوں کو چھونے سے پہلے ہی سینسر کے جھٹکے نے جام خالی کردیا اور اب صرف وِلن کے قہقے سے پتہ چلتا ہے کہ گھونٹ اندر جاچکا ہے۔
شاید اس بات کا ذکر بے جا نہ ہو کہ تقسیمِ ہند سے قبل فلموں میں بوسے بازی پر کوئی پابندی نہیں تھی، چنانچہ لائٹ آف ایشیا اور کرما جیسی کلاسیکی فلموں میں اور پی سی بروا، ہمنسورائے، دیوکا رانی اور سلوچنا کی دیگر فلموں میں کِسنگ کے مناظر آج بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ بعد کے اداکاروں میں اشوک کمار اور نجم الحسن بھر پور کِسنگ کے لئے بہت مشہور ہوئے تھے۔ (نجم الحسن وہی ہیرو ہیں جو بعد میں پاکستان آگئے اور کریکٹر رول کرنے لگے۔ رنگین فلم ٰ ہیر ٰ میں فردوس کے والد بنے تھے)
قیامِ پاکستان کے بعد لاہور میں ببنے والی فلموں سے بھی کِسنگ کے مناظر ختم ہوگئے۔ 1952 کی فلم دوپٹہ کے ایک منظر میں اچانک بجلی چلی جاتی ہے تو کریکٹر ایکٹر غلام محمد کھسک کر اپنی بیوی کے پاس آجاتا ہے اور اندھیرے میں اسےچوم لیتا ہے۔۔۔ بس زیادہ سے زیادہ اتنی ہی آزاد خیالی کا مظاہرہ ممکن تھا۔ 1956 کی پاکستانی فلم ٰ ٰ سوسائٹیٰ ٰ میں لالہ سدھیر نے مسرت نذیر کی گردن سے اپنے ہونٹ چھُوئے تھے جس پر ارکانِ سینسر بورڈ میں گرما گرم بحث ہوگئی تھی اور بالآخر اس دلیل پر منظر بچ گیا کہ سوسائٹی کے ایک خاص طبقے کی نمائندگی کرتا تھا۔ پاکستان میں نہ تو کبھی فلم سازوں نے کِسنگ کے مناظر دکھانے کی کوشش کی ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں کبھی کسی محرومی کا اظہار کیا ہے البتہ گزشتہ برس ایک پاکستانی اداکارہ کی بوسے بازی کے مناظر سارے برِصغیر میں فلمی سرخیوں کا موضوع بنے رہے۔ مِیرا اور اشمِت پٹیل کی کِسنگ کے یہ مناظر مہیش بھٹ کی فلم نظر میں فلمائے گئے تھے اور اِن کی بدولت کاروباری طور پر ایک ناکام فلم کو تھوڑا سا مالی سہارا مِل گیا تھا۔ جنوبی ہند کے فلمی حلقوں میں آجکل اداکارہ رکشتا کا بھی بہت چرچا ہے جس نے ایک کنّڑ فلم میں اپنے ہیرو کے ہونٹ چوم کر ناظرین کو ششدر کردیا ہے، لیکن اخباری بیانات میں کنّڑ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس نے یہ منظر اپنی منگنی سے پہلے فلم بند کرایا تھا اور اب جبکہ وہ پریم نامی ایک نوجوان سے منسوب ہوچکی ہے، وہ ایسے مناظر کبھی نہیں فلمائے گی۔ پریم صاحب کو اپنی منگیتر کا یہ بیان پڑھ کر یقیناً بہت مسرت ہوئی ہوگی لیکن ابھیشک بچن کی نگاہ سے ابھی تک ایشوریا کا ایسا کوئی بیان نہیں گزرا۔ | اسی بارے میں ریکھا کا مجرا اور راکھی کے’ آئٹم نمبر‘29 May, 2006 | فن فنکار میں سازش کا شکار ہوئی ہوں: میرا27 February, 2005 | فن فنکار میرا کی فلم تنازعہ کا شکار12 February, 2005 | فن فنکار ’پیرس میں عوامی بوسے بازی‘10 November, 2006 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||