شاہ رخ صابن کے اشتہار میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان نے ایک صابن کے اشتہار میں نمودار ہوکر، جس کے لیے انہیں گلاب کی پتیوں سے بھرے ہوئے نہانے کے ایک ٹب میں بیٹھنا پڑا، ایک ایسا کام کیا ہے جو ان سے پہلے شاید کسی مرد اداکار نے نہیں کیا۔ اور یہ اشتہار لکس صابن کا ہے جو تقریباً پچھہتر برس قبل پہلی مرتبہ بھارت میں تیار کیا گیا تھا۔ ہندوستان میں لکس صابن بنانے والی کمپنی لیور کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کے پاس اس اشتہار میں کام کرنے کا ایک موقع آیا تھا اور یہ موقع انہوں نے جانے نہیں دیا۔ بالی وڈ کی اکثر اداکارائیں صابن کے اشتہار میں نظر آتی رہی ہیں لیکن ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی مرد اداکار نے لکس کے ساتھ اپنا نام وابستہ کیا ہو۔ جن اداکاراؤں نے لکس کے اشتہار میں کام کیا ہے ان میں ہیما مالنی، جوہی چاولہ، مادھوری ڈکشٹ، کرینا کپور اور ایشوریہ رائے شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ فرم کو یہ پتہ چلا تھا کہ شاہ رخ خان لکس کے اشتہار میں کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور انہیں موقع فراہم کیا گیا۔ بھارت میں لیور کے ترجمان پاریش چودہری نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہماری اشتہاری کمپنی کو معلوم ہوا تھا کہ شاہ رخ خان نے اپنی ساتھی اداکاراؤں ہیما مالنی اور جوہی چاولہ سے کسی فلم کی شوٹنگ کے دوران یہ کہا تھا کہ اصل ستارے تو وہ ہیں کیونکہ انہیں بیٹھنے کے لیے اعلیٰ قسم کے نہانے کے ٹب ملتے ہیں اور لکس کی اشتہاری فلم بھی‘۔ فلم ساز پرہلاد ککر نے شاہ رخ خان کے اشتہاری فلم میں کام کرنے پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا: ’شاہ رخ خان کو چھ برس کی عمر کی لڑکی سے لیکر ساٹھ سال تک کی خواتین فلموں میں دیکھتی ہیں۔ وہ اس اشتہاری فلم میں غیر حقیقی نظر آئیں گے۔ بہتر ہوتا کہ اس اشتہار کے ٹب میں بیٹھنے کے لیے شاہ رخ خان کی بجائے مردانگی کی نمائش کرنے والا کوئی اور ادارکار ہوتا۔‘ ’شاہ رخ کے سینے پر بال نہیں ہیں لیکن انہیں اس حوالے سے کسی کمزوری یا کمی کا احساس نہیں ہے۔ مگر اس کمی کے باوجود بھی وہ مردوں کے مرد بھی ہیں۔‘ فلم ساز نے کہا کہ شاہ رخ نے لکس کے جس اشتہار میں کام کیا ہے اس کا سکرپٹ بھی اچھا نہیں ہے۔ ’ان کے پاس سکرپٹ تھا۔ انہیں چاہیے تھا کہ وہ شاہ رخ کو شاہ رخ رہنے دیتے- - - شرارتی، ہنسی مذاق کرنے والا شاہ رخ - - - - لیکن انہیں نے یہ کیا کہ اسے ٹب میں بٹھا کر اس سے چند سطریں پڑھوا دیں۔ یہ اشتہاری فلم اس سے بہتر انداز میں بنائی جا سکتی تھی۔‘ شاہ رخ خان کا شمار بالی وڈ کے بڑے اداکاروں میں ہوتا ہے اور انہوں نے پچاس کے قریب فلموں میں کام کیا ہے جن میں سے اٹھارہ فلمیں ہٹ ہوئی ہیں۔ انہوں نے دل والے دلہنیا لے جائیں گے میں بھی کام کیا جو بغیر اترے ہوئے دس سال تک چلی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||